جے آئی ٹی کی تحقیق انتقامی تحقیق بن گئی ،جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں اور سب کو ساتھ لے کر چلیں گے: وزیرامورکشمیربرجیس طاہر

جے آئی ٹی کی تحقیق انتقامی تحقیق بن گئی ،جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں اور سب کو ...
جے آئی ٹی کی تحقیق انتقامی تحقیق بن گئی ،جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں اور سب کو ساتھ لے کر چلیں گے: وزیرامورکشمیربرجیس طاہر

  



لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیرامورکشمیربرجیس طاہر نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی کی تحقیق انتقامی تحقیق بن گئی ہے ،مسلم لیگ (ن) کی لیگل ٹیم نے جے آئی ٹی رپورٹ میں سے 43غلطیا ں نکالی ہیں ،اتحادی پہلے بھی ساتھ تھے اور اب بھی ہیں ،ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں اور سب کو ساتھ لے کر چلیں گے ،جے آئی ٹی نے بالکل  اُسی طرح کی تحقیق کی ہے جس کی ہمیں توقع تھی ۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ہاؤس لاہور میں ممبر پنجاب اسمبلی رانا محمد ارشد ،میاں غلام حسین شاہد ،عبد الکریم خان آسی اور  عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے برجیس طاہر  کا کہنا تھاکہ جے آئی ٹی کی رپورٹ مضحکہ خیز ہے ،نواز شریف کو پاکستان کی عوام نے اپنے ووٹوں کی طاقت سے منتخب کیا ہے ، وہ کسی کے کہنے پر استعفیٰ نہیں دیں گے لیکن مسلم لیگ (ن) سپریم کورٹ کے فیصلے پر من وعن عمل کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) جمہوریت کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اور پاکستان کی عوام نوازشریف کے ساتھ ہیں ،جے آئی ٹی سے ان کی جماعت کو کسی قسم کی کوئی امید نہیں تھی اور ان کی جماعت کو جے آئی ٹی سے اس طرح کی ہی امید تھی ۔ پارٹی کی قیادت کے حوالے سے ان کاکہنا تھا کہ پارٹی کے تمام قائدین نے نواز شریف کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے اور نوزشریف کے ساتھ کھڑے ہیں۔وزیرامورکشمیربرجیس طاہر نے مزید کہاکہ ہم اداروں کے ساتھ کوئی اختلاف نہیں رکھنا چاہتے ، ملکی ادارے مضبوط ہوں گے تو ملک مضبوط ہو گا۔

مزید : لاہور