جنرل ہسپتال کے ڈاکٹر جنید مرزا ریٹائر،ساتھیوں کا بھرپور خراج تحسین

جنرل ہسپتال کے ڈاکٹر جنید مرزا ریٹائر،ساتھیوں کا بھرپور خراج تحسین

لاہور(پ ر)صحت کے شعبے میں33برسوں تک خدمات سر انجام دینے والے ڈاکٹر جنید مرزا لاہور جنرل ہسپتال سے ریٹائر ہو گئے جہاں انہوں نے اپنی سروس کے26سال گزارے اور ان کے خلاف کبھی بھی کسی قسم کی محکمانہ شکایت نہیں ہوئی بلکہ اُن کا اپنے ساتھی ڈاکٹروں ،نرسز و پیرا میڈیکل سٹاف کے ساتھ اور مریضوں واُن کے لواحقین کیلئے رویہ ہمیشہ قابل ستائش رہا ہے۔ ڈاکٹر جنید مرزا کے اعزاز میں جنرل ہسپتال کی تاریخ میں پہلی بار ریٹائرمنٹ کے اگلے روز ہی سالگرہ کی تقریب کا انعقاد ہوا جس کی روایت پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر آغا شبیر علی نے ڈالی ۔ اس تقریب میں اُن کی خدمات کو ساتھی ڈاکٹروں نے شاندار خراج تحسین پیش کیا ،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمود صلاح الدین ، اے ایم ایس و ڈی ایم ایس صاحبان سمیت نرسنگ انتظامیہ رضیہ بانو اور رقیہ بیگم نے بھی شرکت کی ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر آغا شبیر علی کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر جنید مرزا کی خدمات دوسروں کیلئے بھی رول ماڈل ہیں وہ عزت اور وقار کے ساتھ اپنی پیشہ وارانہ سرگرمیوں سے سبکدوش ہو کر جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ویسے تو معالج کبھی ریٹائر نہیں ہوتا صرف اُن کے نام سے گورنمنٹ سروس کا لفظ حذف ہو جاتا ہے ۔ایم ایس ڈاکٹر محمود صلاح الدین نے کہا کہ سفید کوٹ کی عزت رکھنے والے ہم سب کیلئے قابل قدر ہیں اور طب کے شعبے سے وابستہ افراد کو زیادہ ذمہ دارانہ طرز عمل کا مظاہرہ کرنا ہوگا ۔ڈاکٹر جنید مرزا کی ریٹائرمنٹ کی تقریب میں اُن کے ساتھی ڈاکٹرز نے "عمدہ ساتھی "اور "شاندار کولیگ " جیسے القابات سے نوازا اور انہیں ایسا ڈاکٹر قرار دیا جو بہترین منتظم اور حس مزا ح سے بھرپور شخصیت ہیں۔

آغا شبیر

مزید : میٹروپولیٹن 4