نواز لیگ کو جگ ہنسائی کے سوا کچھ نہیں ملا،شعیب صدیقی

نواز لیگ کو جگ ہنسائی کے سوا کچھ نہیں ملا،شعیب صدیقی

لاہور( نمائندہ خصوصی )تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر اور پی پی157سے امیدوار صوبائی اسمبلی شعیب صدیقی نے کہا ہے دوسروں کی نقل کرنے والی نواز لیگ کو جگ ہنسائی کے سوا کچھ نہیں ملااور ثابت ہو گیا کہ عوام نہ کل ان کے ساتھ تھے اور نہ ہی25جولائی کو نا اہلوں کو ووٹ دینگے ، شعیب صدیقی نے کہا کہ نواز لیگی سارا پنجاب مل کر لاہور میں چند سو بندے بھی اکھٹا نہیں کر سکے اور ایک مجرم کے استقبال کیلئے ہونے والا شو بری طرح فلاپ ہوا ،انہوں نے کہا کہ25جولائی کو شیر کی رہی سہی کسر بھی نکل جائے گی اور انشاء اللہ عمران خان کے متوالے سارا لاہو ر جیتیں گے،شعیب صدیقی نے کہا کہ نوا ز لیگ کی قیادت اپنے حواس کھو بیٹھی ہے انہیں عوام کی طرف سے اس قدر مایوس کن ریسپانس کی توقع نہیں تھی عوام نے اُن کی کال پرکان نہیں دھرا اور اُن کی احتجاجی سیاست کا مکمل طور پر بائیکاٹ کر دیا ہے ،انہوں نے کہا کہ اب25جولائی کو یہی ٹریلر دوبارہ چلے گا اور عوام صرف بلے پر مہریں لگائیں گے۔

شعیب صدیقی نے پی پی157کے مختلف علاقوں صدر ، مصطفی آباد ،لاہور کینٹ ، جوڑے پل اور چونگی دوگیج سمیت ملحقہ علاقوں میں مختلف انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنا فیصلہ کر چکے ہیں وہ اب عمران خان کی تبدیلی کا ساتھ دینگے اور ملک کو اُس راہ پر گامزن کریں گے جس سے روائتی کرپٹ نظام کا خاتمہ ہو سکے ، شعیب صدیقی نے مختلف علاقوں میں ڈو ر ٹو ڈور انتخابی مہم میں حصہ لیا اور پارٹی ورکرز سے اجلاس بھی منعقد کیے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4