واٹر ایمرجنسی کا فوری نفاذ وقت کی ضرورت ہے ،وزیر زراعت

واٹر ایمرجنسی کا فوری نفاذ وقت کی ضرورت ہے ،وزیر زراعت

لاہور(کامرس رپورٹر)پنجاب کے نگراں وزیر خوراک و زراعت ، منصوبہ بندی و ترقیات سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ پانی کی قلت کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے پوری قوم چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان جسٹس نثار ثاقب کے ہم آواز ہے اور ان کے قومی جذبے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہوئے ملک میں آبی وسائل کی تعمیر کے منصوبوں میں عملی طور پر اپنا حصہ ڈال کر ڈیموں کی جلدتعمیر یقینی بنانے کے لئے ان کا بھرپور ساتھ دے گی ۔ صوبائی نگراں وزیر سردار تنویر الیاس خان نے کہاکہ بھارتی آبی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے اور پاکستان میں پانی کی ایک ایک بوندکو ضائع ہونے سے بچانے اور بہترین منصوبہ بندی کے ساتھ استعمال میں لانے کے لئے ضروری ہے کہ ملک میں فوری طور پر واٹر ایمرجنسی نافذ کی جائے۔

، ماہرین ماحولیاتی کی مشاورت سے پانی کے ذخائر تعمیر کرنے ، جنگلات سے موسمی تغیرات کو موافق بنانے اور عوامی سطح پر پانی کے باکفایت استعمال کے رجحان کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ پانی کے ضائع کی روک تھام کے لئے مربوط حکمت عملی اختیار کی جائے اور پانی کے وسائل کو ترقی دینے کے منصوبے تیار کئے جائیں تاکہ مستقبل میں ہمیں قلت آپ کے سنگین مسئلے سے دوچار نہ ہونا پڑے۔ سردار تنویر الیاس خان نے کہاکہ اس میں کوئی بعید نہیں کہ مستقبل میں پانی کے مسئلے پر جنگیں ہوسکتی ہیں اور اس وقت ملکی سطح پر ہمیں پانی کے جو وسائل میسر ہیں وہ بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر انتہائی قلیل ہیں اور یہ امر ناگزیر ہے کہ ہم پانی کے وسائل کو ترقی دینے کے لئے ساز گار ماحول فراہم کریں ۔سردار تنویر الیاس خان نے کہاکہ پانی کی کمی سے مستقبل میں ہمیں فوڈ سکیورٹی کے خطرات کا بھی سامنا ہو سکتا ہے جس کے لئے ابھی سے پیش بندی کی ضرورت ہے اور ایسی جدید زرعی ٹیکنالوجی متعارف کرانے کی اشد ضرورت ہے جس سے کم پانی سے زیادہ پیداوار حاصل ہو اور زیر زمین پانی کی کمی سے زمین کی پیداواری صلاحیت متاثر نہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ 75 فیصد دیہی آبادی کا انحصار زراعت پر ہے اور کاشتکاروں کے مسائل حل کئے بغیر زراعت کی ترقی ممکن نہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس مقصد کے لئے پنجاب سیڈ کارپوریشن کے بجٹ میں اضافہ کیا گیا ہے۔پنجاب میں تین ہزار چھوٹے بڑے ڈیموں کی اشد ضرورت ہے اور واٹر مینجمنٹ کے زریعے پانی کے ضائع کو روکا جا سکتا ہے اور اس کے لئے حکمت عملی تیارکی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر ہم نے پانی کے مسئلے پر توجہ نہ دی تو ہماری زمین بنجر ہوتی جائیں گی۔

مزید : کامرس