لاہور چیمبر کی مستونگ اور بنوں میں بدترین دہشت گردی کی شدید مذمت

لاہور چیمبر کی مستونگ اور بنوں میں بدترین دہشت گردی کی شدید مذمت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہو ر(کامر س رپورٹر)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے مستونگ اور بنوں میں بدترین دہشت گردی کی شدید مذمت اور سینکڑوں افراد کی شہادتوں پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور سکیورٹی فورسز سے اپیل کی ہے کہ وہ نہ صرف پاکستان بلکہ انسانیت کے دشمن ان عناصر کو سختی سے کچل دیں۔ لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید، سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشیداور نائب صدر ذیشان خلیل نے بیرون ملک سے ایک خصوصی پیغام میں جبکہ لاہور چیمبر کے قائم مقام صدر ندیم قریشی اور ایگزیکٹو کمیٹی ممبران نے کہاکہ ساری قوم قیمتی جانوں کے نقصان پر سوگوار ہے اور غم کی اس گھڑی میں اپنے مستونگ اور بنوں کے متاثرہ بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ لاہور چیمبر کے عہدیداران نے مستونگ، بنوں کے سانحات کو پاکستان کے لئے ایک اور "بلیک ڈے"قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے شیطانی اقدامات پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں اور لوگوں کا قتل عام ملک میں انتشار پھیلانے کی ایک گھناؤنی سازش ہے لہذا حکومت اور سکیورٹی فورسز ان عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹیں۔ لاہور چیمبر کے عہدیداران نے کہا کہ کاروباری برادری اچھی طرح سمجھتی ہے کہ پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے بڑے اداروں نے دہشت گردی کا قلع قمع کیا اور بڑی قربانیاں دی ہیں مگر دہشتگردی کی یہ نئی لہر مزید سخت اقدامات کا تقاضا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری ملکی مفاد کی خاطر حکومت اور سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ محض بلوچستان اور خیبر پختونخواہ کا نہیں بلکہ ساری قوم کا سانحہ ہے اور ہر شخص اس پر خون کے آنسو روتے ہوئے اپنے بھائیوں کی قیمتی جانوں کے نقصان پر سوگوار ہے۔انہوں نے حکومت اور سکیورٹی فورسزسے اپیل کی کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں۔

مزید :

کامرس -