گرفتاریاں قابل مذمت ، عوام نے نواز شریف کے حق میں فیصلہ سنا دیا : مجتبی شجاع

گرفتاریاں قابل مذمت ، عوام نے نواز شریف کے حق میں فیصلہ سنا دیا : مجتبی شجاع

لاہور( سٹی رپورٹر ) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء سابق صوبائی وزیر امیدوار پی پی 147میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے آج اپنی انتخابی مہم کے سلسلہ میں مختلف علاقوں میں کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محسن پاکستان میاں محمد نواز شریف اورانکی صاحبزادی مریم نواز کی لاہور آمد پر مسلم لیگی کارکنوں کیخلاف کریک ڈاؤن ،سڑکیں بند کرنے کارکنوں پر شیلنگ اور پورے شہر کو سیل کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔نااہل نگرانوں نے پورے ملک کو میدان جنگ بنا کر رکھ دیا ہے اور انہوں نے آمریت کی یاد تازہ کر دی ہے ۔پورا شہر سیل کرنے رہنماؤں کی نظر بندیوں ،گرفتاریوں کے باوجود 10لاکھ سے زائد زندہ دلان لاہور نے پرجوش انداز میں استقبالیہ ریلیوں میں شرکت کر کے اپنے محبوب قائد سے عقیدت و محبت کا اظہار کیا ہے ۔عوامی عدالت نے نواز شریف کے حق میں فیصلہ سنا دیا ہے۔جن عقل کے اندھوں اور نواز دشمنی میں ذہنی بیماروں کو لاہورکی سڑکوں پر لاکھوں کارکن نظر نہیں آئے وہ اپنی آنکھوں اور عقل کا علاج کرائیں ۔نواز شریف کے استقبال کیلئے لاکھوں افراد نے گھروں سے نکل کر اپنا فیصلہ نواز شریف کے حق میں دے دیا ہے،اب 25جولائی کو صرف ایک الیکشن کی رسمی کاروائی ہو گی۔

مجتبیٰ شجاع

مزید : میٹروپولیٹن 1