ورلڈ کپ فائنل: کروشیا آج فرانس کو ہرا کر نئی تاریخ رقم کرنے کیلئے پر عزم
ماسکو(نیٹ نیوز)اکیسویں ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کا فائنل آج ماسکو کے لوزنیکی سٹیڈیم میں کھیلا جائیگا، فرانس اور کروشیا کی ٹیمیں فیصلہ کن معرکے میں آمنے سامنے ہوں گی۔تفصیلات کے مطابق دو ٹاپ ٹیموں فرانس اور کروشیا نے شاندار کھیل کی بدولت فائنل میں جگہ بنا رکھی ہے، سیمی فائنلز میں فرانس نے بیلجیئم اور کروشیا نے انگلینڈ کو شکست دی تھی۔ فرانس نے تاریخ میں تیسری مرتبہ میگا ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنائی، اس سے قبل 1998 اور 2006 میں منعقدہ ورلڈ کپ ٹورنامنٹس کے فائنلز کھیل چکا ہے، 1998 میں فرانس نے برازیل کو ہرا کر عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا جبکہ 2006 میں اسے فیصلہ کن معرکے میں اٹلی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، دوسری جانب کروشین ٹیم پہلی بار میگا ایونٹ کا فائنل کھیلے گی، فرانسیسی ٹیم کو ٹائٹل کیلئے فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے تاہم دوسری جانب کروشین ٹیم بھی بھرپور جنگ کے بعد فائنل میں پہنچی ہے، دونوں ٹیموں کی حالیہ کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے فائنل میں دلچسپ و کانٹے دار مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔