اے این پی کو ڈرا دھمکا کر دیوار سے نہیں لگایا جا سکتا ، امیر حیدر ہوتی

اے این پی کو ڈرا دھمکا کر دیوار سے نہیں لگایا جا سکتا ، امیر حیدر ہوتی

پشاور(این این آئی)عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ پشاور دھماکہ قابل مذمت ہے اور ہارون بلور کی قربانی رائیگاں نہیں جانے دی جائے گی ، 25جولائی کو کامیابی حاصل کر کے دشمن کو شکست دیں گے ، اگر کسی کا یہ خیال ہو کہ وہ ہمیں ڈرا کر میدان سے آؤٹ کر دے گا تو یہ اس کی بھول ہے ، میدان خالی نہیں چھوڑیں گے ،صوبہ معاشی طور پر دیوالیہ ہے اورخالی خزانے کو اپنے پیروں پر کھڑا کر کے پختونوں تک ترقی و خوشحالی کے ثمرات پہنچائیں گے، فرد واحد کیلئے نہیں بلکہ قوم کی بقاء کیلئے اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے ، حکومت میں آ کر مرکز کے پاس رہ جانے والے صوبے کے حقوق حاصل کریں گے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیدو نوشہرہ میں بڑے شمولیتی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،، اے این پی کے امیدوار اور ضلعی صدر ملک جمعہ خان اور خلیل عباس خٹک نے بھی اس موقع پر خطاب کیا ،جلسہ میں پشاور ،بنوں اور مستونگ دھماکوں کی مذمت کی گئی اور تمام شہداء کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی ، امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہہم باچا خان بابا کے عدم تشدد کے فلسفے کے پیروکار ہیں اور تشدد کا جواب تشدد سے دینے کی بجائے عدم تشدد کا ہتھیار اپنائیں گے،انہوں نے کہا کہ ڈرنے اور جھکنے والے نہیں ،الیکشن میں جائیں گے اور کامیاب ہو کر نوشہرہ ہسپتال کو جدید بنیادوں پر استوار کیا جائے گا تاکہ یہاں سے مریضوں کو پشاور منتقل نہ کرنا پڑے ، انہوں نے کہا کہ اے این پی حکومت میں آ کر عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرے گی ، ہر ضلع میں ایک یونیورسٹی اور ہر حلقہ میں ایک کالج کے وعدے کو عملی جامہ پہنائے گی ، مرکزی سے اپنے حقوق حاصل کریں گے اور ترقی کے نئے دور کا آغاز کریں گے،

امیر حیدر ہوتی

مزید : علاقائی