انتخابات ہوتے ہیں یا نہیں کچھ معلوم نہیں لیکن جو ہو رہا ہے نہیں ہونا چاہئے : چودھری شجاعت

انتخابات ہوتے ہیں یا نہیں کچھ معلوم نہیں لیکن جو ہو رہا ہے نہیں ہونا چاہئے : ...

پشاور/گجرات(آ ئی این پی ،این این آئی) مسلم لیگ (ق)کے صدرچودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ الیکشن ہوتے ہیں یا نہیں معلوم نہیں لیکن جو ہو رہا ہے یہ سب نہیں ہونا چاہئے، مریم نواز کو ان کمروں میں رکھا گیا ہے جو دو کمرے محترمہ بینظیر بھٹو کیلئے تیار کیے گئے تھے۔ مسلم لیگ (ق)کے صدر چودھری شجاعت حسین گزشتہ روز بلور ہاؤس پشاور پہنچے اور بیرسٹر ہارون بلور کی شہادت پر غمزدہ غلام احمد بلور، الیاس بلور اور دانیال بلور سے تعزیت کی۔ بعد ازاں میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ پشاور میں صرف تعزیت کیلئے آئے ہیں انہیں بیرسٹر ہارون بلور کی شہادت کا بہت دکھ ہے، ہم غمزدہ خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور ان کیلئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں۔ میڈیا کے اس سوال پر کہ الیکشن ہوں گے یا نہیں چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ الیکشن ہوتے ہیں یا نہیں مجھے اس کا نہیں معلوم البتہ یہ جو کچھ اس وقت ہو رہا ہے یہ سب نہیں ہونا چاہئے تھا۔مسلم لیگ(ق) پنجاب کے صدر چودھری پرویزالٰہی نے گجرات میں وفود سے گفتگو، اجتماع سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی جلسوں میں دہشت گردی کے واقعات افسوسناک ہیں، ہم بلور اور رئیسانی خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور متاثرہ خاندانوں کیلئے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ شہبازشریف اور ان کے بیٹوں کو ایئرپورٹ نہیں جانا تھا اس لیے وہ لوہاری اور مال روڈ پر ڈرامہ کرتے رہے۔چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ مستونگ بلوچستان میں انتخابی ریلی میں شریک بے گناہ لوگ خاک و خون میں لت پت پڑے دم توڑ رہے تھے اور لاہور میں شہبازشریف ایئرکنڈیشنڈ گاڑی میں بیٹھے لوگوں کو قانون شکنی پر اکسا رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کیسا مذاق ہے کہ خود ووٹر کو عزت نہ دینے والے کہتے ہیں کہ ووٹ کو عزت دو جبکہ انہوں نے ہمیشہ ووٹر کو دھوکہ دیا اور الیکشن میں دھاندلی کی۔

شجاعت/پرویز الٰہی

مزید : صفحہ آخر