معصوم انسانوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے کیفرکردار تک ضرور پہنچیں گے

معصوم انسانوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے کیفرکردار تک ضرور پہنچیں گے

لاہور( جنرل رپورٹر)نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے بلوچستان کے علاقے مستونگ اورخیبر پختونخوا کے علاقے بنوں میں دہشت گردی کے اندوہناک واقعات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پردلی دکھ اورغم کااظہار کرتے ہوئے آج پنجاب میںیوم سوگ کااعلان کیا ہے۔یوم سوگ پر سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سر نگوں رہے گا۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے دھماکے کے زخمیوں کیلئے علاج معالجے کیلئے پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ زخمی ہونے والے افراد کو پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مفت طبی سہولتیں مہیا کی جائیں گی اوران کے بہترین علاج معالجے کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے بھائیوں کا غم باٹنے کیلئے ہر ممکن تعاون کرتے رہیں گے اورزخمی افراد کے علاج معالجے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت شہداء کے لواحقین کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اوردکھ کی اس گھڑی میں پوری قوم شہداء کے لواحقین کیساتھ کھڑی ہے۔ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ اس المناک سانحہ پرہر دل زخمی اورہرآنکھ اشکبار ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ہماری تمام تر ہمدردیاں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔پنجاب حکومت غم کی گھڑی میں شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہے اور غم کی اس گھڑی میں اپنے بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے پہلے بھی دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اب بھی دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے۔ انہو ں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دے کر دنیا میں تاریخ رقم کی ہے اور ان عظیم قربانیوں کی بدولت ملک جلد امن کا گہوارہ بنے گا۔انہو ں نے کہا کہ مستونگ میں پیش آنے والے دہشت گردی کے اندوہناک واقعہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر ہر آنکھ اشکبار ہے اور پوری قوم دہشت گردی کے اس واقعہ میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ قوم شہداء کی لازوال قربانی ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد انسانیت کے سفاک دشمن ہیں۔ معصوم انسانوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے کیفرکردار تک ضرور پہنچیں گے۔ امن کے دشمنوں کی ایسی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے عزم کو غیر متزلزل نہیں کرسکتیں۔

حسن عسکری

مزید : صفحہ اول