شہباز شریف اور لیگی قیادت نے نواز شریف کو دھوکا دیا:اعتزاز احسن

شہباز شریف اور لیگی قیادت نے نواز شریف کو دھوکا دیا:اعتزاز احسن

اسلام آبا(سٹاف رپورٹر ) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ کل کے واقعات حیرت انگیز تھے جن کی توقع نہیں تھی، شہباز شریف اور لیگی قیادت نے نواز شریف کو دھوکا دیا،نواز شریف کے ساتھ وہ ہوا جو جنگ پلاسی میں سراج الدولہ کے ساتھ میر جعفر نے کیا، اتنا دھوکہ اپنی سیاسی تاریخ میں کبھی نہیں دیکھا جو نواز شریف اور مریم کے ساتھ ہوا، جیل جانے سے نواز شریف کا سیاسی کردار کم ہوگا، اگر مریم کی ضمانت ہوجائے تو بھی وہ والد کے بغیر کچھ نہیں کر سکتی،لیگی لیڈروں نے سازش کے تحت خود کو غائب رکھا، لاہور میں 18 ایم این اے اور 38 امیدوار ہیں جن میں سے ایک بھی نہ پہنچا، صرف مشاہد اللہ خان پہنچا۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے نواز شریف اور مریم کی واپسی پر ناکام شو کو اپنوں کی سازش قرار دے دیا۔ اعتزاز احسن نے کہا کہ کس طرح سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، شہباز شریف، سعد رفیق ایئر پورٹ پر پہنچ ہی نہ سکے، خواجہ آصف، ایاز صادق، رانا ثنا اللہ، خرم دستگیر نے بھی نواز شریف کو تنہا چھوڑا، سب لیڈر پنجاب پولیس کی معمولی رکاوٹ کے باعث ایئر پورٹ تک پہنچے ہی نہیں، اعتزاز احسن نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ایسے سیکڑوں احتجاج، مظاہرے کیے، لیکن پارٹی قیادت ہر موقع پر سب سے پہلے پہنچتی رہی ہے، شہباز شریف کو چاہیئے تھا ایئر پورٹ ناکے تک ضرور پہنچتے اور نواز شریف سے ہاتھ ملاتے، ان لیڈروں کو اندر جانے سے کوئی نہ روکتا۔پی پی پی رہنما نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق لوہے کے چنے چبانے والا بھی غائب رہا اور نظر ہی نہیں آیا، انہوں نے نواز شریف کو بلا کر پھنسا دیا ہے، فلائٹ سوا دو گھنٹے لیٹ ہوئی ہے اس کا فائدہ اٹھا کر ہی شہباز شریف اور شاہد خاقان عباسی و دیگر لیڈر پہنچ جاتے، یہ تو لگتا ہے کہ نواز شریف کو تسلیاں دے کر لندن سے بلا کر پیٹھ میں چھرا گھونپا گیا ہے، نواز شریف کے ساتھ وہ ہوا جو جنگ پلاسی میں سراج الدولہ کے ساتھ میر جعفر نے کیا، اتنا دھوکہ اپنی سیاسی تاریخ میں کبھی نہیں دیکھا جو نواز شریف اور مریم کے ساتھ ہوا۔

اعتزاز احسن

مزید : صفحہ اول