نوازشریف ملک نہیں اپنی سیاست بچانے آئے ہیں: شاہ محمود قریشی

نوازشریف ملک نہیں اپنی سیاست بچانے آئے ہیں: شاہ محمود قریشی

ملتان ( نیوز رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نواز شریف سیاسی مقدمے میں نہیں بلکہ کرپشن کے کیس میں جیل گئے۔ تحریک انصاف نے قانونی جنگ لڑی اور کامیاب ہوئے۔ 25 جولائی کو سیاسی میدان میں بھی تحریک انصاف کامیاب(بقیہ نمبر24صفحہ12پر )

ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این اے 156 کی یونین کونسل 41 پی پی 217میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا تحریک انصاف کی جہدوجہد کامیاب ہو گئی ہے۔ عمران خان کہتے تھے نواز شریف کو اڈیالہ جیل بھجواؤں گا اور آج وہ پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا ملکی خزانہ لوٹنے والے سب حساب دینگے۔ انہوں نے کہا نواز شریف کے بیانیے نے لیگی کارکنوں کو مایوس کیا اسی وجہ سے لیگی کارکن نواز شریف کے استقبال کیلئے نہیں نکلے- نواز شریف کے بیانیے کے بعد دونوں بھائیوں میں تضاد واضح نظر آگیا تھا۔ شہباز شریف سمیت ن لیگ کا کوئی بھی مرکزی لیڈر ایئر پورٹ پر نہیں پہنچا۔ شہباز شریف نے آدھے راستے سے ریلی ختم کردی۔ انہوں نے کہا ن لیگ نے ملک کا ستیاناس کیا اداروں کی تنزلی کی ۔ معیشت کی زبوحالی ہوئی۔ نواز شریف ملک بچانے نہیں بلکہ اپنی سیاست بچانے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف سیاسی ہیرو بننے کیلئے پاکستان آئے لیکن ان کے استقبال کیلئے کوئی ایئر پورٹ نہیں آیا۔ ان پر منی لانڈرنگ کے الزامات لگے۔ ساڑھے9ماہ تک عدالتی تحقیقات ہوئیں۔ لیکن وہ عدالت میں اپنی صفائی دینے میں ناکام رہے۔ جس پر انہیں سزا ہوئی۔ شریف خاندان پاکستانی عوام کا تین سو ارب روپے کھا گیا۔ انشاء اللہ ہم قوم کے لوٹے ہوئے پیسے کو واپس لائیں گے۔ نواز کے بعد اگلی باری زرداری کی ہے۔ ان پر بھی 70 ارب روپے کے منی لانڈرنگ کے الزامات ہیں۔ انہیں بھی جیل جانا ہوگا۔ انہوں نے کہا 25جولائی کو عوام اہل ‘ دیانتدار اور اچھی قیادت کا انتخاب عمل میں لائیں۔ تاکہ ملک کو صحیح سمت پر لایا جاسکے۔ اس موقع پر رانا عبدالجبار ۔ شعیب اکمل ہاشمی ۔ ملک اختر بھٹہ۔ شیخ محمد طاہر۔ میاں جمیل اور پی ٹی آئی رہنماؤں کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔ دریں اثناء ولکا فوڈ اور ایس ایم فوڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر چودھری ذوالفقار علی انجم نے مخدوم شاہ محمود قریشی کی حمایت کا اعلان کیا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مستونگ حادثے کی شدید مذمت کی۔ اور سانحہ میں شہید ہونے والوں کی درجات کی بلند کیلئے دعا کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ایسے واقعات ملکی امن اور الیکشن کی کمپئین کی سبوثار کرنے کی کوشش ہے۔ اس حادثے کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ دریں اثناء پیرآف سندر شریف سید محمدحبیب عرفانی صدرمشائخ ونگ پاکستان تحریک انصاف کی صدرات میں سندرہاؤس ملتان میں انتخابی جلسہ منعقد ہوا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستان تحریک انصاف کی انتخابات 2018میں قومی اور صوبائی سطح پر کامیابی کیلئے دُعا فرمائی۔مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔ندیم قریشی امیدوار پی پی216نے اپنے خطاب میں پیرآف سندرشریف سید محمدحبیب عرفانی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں وعدہ کرتا ہوں کہ سیاست کو پیشہ نہیں بناؤں گا۔عوام کی خدمت کرونگا۔جلسے سے معروف کالم نگار سید اختر حسین گیلانی، نوید ہاشمی، ڈاکٹر منیرظفر نے خطاب کیا۔حافظ محمدذیشان چشتی نے تلاوت کلام پاک پیش کی، معروف نعت خواں عاصم گولڑوی نے ہدیہ نعت پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔ پیرآف سندرشریف سید محمدحبیب عرفانی کی جانب سے فیصلہ کی خوشی میں شرکاء کو مٹھائی بھی کھلائی گئی۔

شاہ محمود

مزید : ملتان صفحہ آخر