سانحہ مستونگ ، شہدا ء سپرد خاک صوبے کی فضا سوگوار ، پرچم سرنگوں ، ملک بھر میں آج سوگ کا اعلان

سانحہ مستونگ ، شہدا ء سپرد خاک صوبے کی فضا سوگوار ، پرچم سرنگوں ، ملک بھر میں ...

کوئٹہ،اسلام آباد،لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک،نامہ نگارخصوصی ) بلوچستان کے ضلع مستونگ میں خودکش حملے کے نتیجے میں بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار نوابزادہ سراج رئیسانی سمیت 131 سے زائد افراد کی شہادت کے بعد صوبے کی فضا سوگوار ہے اور حکومت بلوچستان کی جانب سے سانحہ مستونگ پر 2 روزہ سوگ کے اعلان پر تمام سرکاری عمارات پر قومی پرچم سرنگوں رہا۔دوسری جانب بلوچستان عوامی پارٹی نے بھی سانحہ مستونگ پر 3 روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے پارٹی کا کوئٹہ میں ہونے والا انتخابی جلسہ منسوخ کردیا ۔سانحہ مستونگ میں شہید ہونے والے قبائلی و سیاسی رہنما نوابزادہ سراج رئیسانی کی نماز جنازہ موسٰی سٹیڈیم میں ادا کرنے کے بعد مستونگ کے علاقے کانک تدفین کردی گئی ۔نماز جنازہ میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت دیگر عسکری حکام نے بھی شرکت کی۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے سی ایم ایچ کوئٹہ میں دھماکے کے زخمیوں کی عیادت بھی کی ۔مستونگ خودکش حملے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ،لیویز تھانہ درینگڑھ میں درج مقدمے میں قتل ،اقدام قتل ،دہشت گردی سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔ادھر ملک میں ہونے والے حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے بعد نگران وزیراعظم ناصر الملک نے آج بروز اتوار سرکاری طور پر ایک روزہ سوگ کا اعلان کردیا۔یوم سوگ کا اعلان بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے کیا گیا۔وزیراعظم آفس کی جانب سے ہدایات ملنے پر وزارت داخلہ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔مستونگ دھماکے میں شہید ہونیوالے سراج رئیسانی کے بھائی لشکری رئیسانی نے واقعے پر ’ٹرتھ کمیشن‘ بنانے کا مطالبہ کردیا۔میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے لشکری رئیسانی نے کہا کہ گزشتہ روز کے واقعے کے جوابدہ وہ ہیں جنہوں نے ملک کی پالیسیاں بنائیں۔انہوں نے کہا کہ اگر اس واقعے پر سنجیدہ ہیں تو ٹرتھ کمیشن بنایا جائے ۔دوسری جانب نوابزادہ سراج رئیسانی کی رہائش گاہ ساراوان ہاؤس میں لوگوں کی بڑی تعداد کی آمد کا سلسلہ جاری ہے جہاں اسلم رئیسانی اور نوابزادہ لشکری رئیسانی سمیت دیگرعمائدین موجود ہیں۔ آئی جی ایف سی میجرجنرل ندیم انجم اور کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ بھی ساراوان ہاؤس پہنچے جہاں انہوں نے اسلم رئیسانی، لشکری رئیسانی سیسانحہ مستونگ پراظہار افسوس کیا۔سانحہ مستونگ پرسپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی کال پر پاکستان بھر کے وکلاء نے ہڑتال کی ، پاکستان بار کونسل کی جانب سے سانحہ مستونگ اور بنوں کی مذمت کرتے ہوئے 2 دن کے سوگ اور ایک دن کی ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے۔وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل کامران مرتضیٰ کے مطابق آج ملک بھر میں عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔کامران مرتضی نے واقعات میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے دہشت گردی کے ان واقعات کی شدید مذمت کی۔علاوہ ازیں ملک کی دیگر بار کونسلز نے بھی مستونگ حملے کی مذمت کرتے ہوئے ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔یورپی یونین، امریکا، سعودی عرب اور دیگر ملکوں نے مستونگ میں انتخابی جلسے کے دوران خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔یورپی یونین نے دھماکے میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ حملوں کی مکمل تفتیش کی اشد ضرورت ہے اور توقع ہے کہ پاکستانی حکام انتخابی سرگرمیوں کی سیکیورٹی یقینی بنائیں گے۔امریکی محکمہ خارجہ نے بھی پاکستان میں انتخابی جلسوں میں خودکش دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے حملے پاکستانی عوام کو جمہوری حقوق سے محروم کرنے کی کوشش ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ دھماکوں میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں۔دوسری جانب سعودی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں مستونگ میں دھماکے کو دہشت گردی اور انتہاپسندانہ عمل قرار دیتے ہوئے یقین دلایا گیا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف مہم میں سعودی عرب، پاکستان سے مکمل تعاون جاری رکھے گا۔

سانحہ مستونگ

مزید : کراچی صفحہ اول