بھارت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو سرد نہیں کرسکا،شیخ عقیل الرحمن

بھارت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو سرد نہیں کرسکا،شیخ عقیل الرحمن

مظفرآباد(بیورورپورٹ)جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے نائب امیر شیخ عقیل الرحمن نے کہا ہے کہ بھارت اپنے تمام تر مظالم کے باوجود بھی کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو سرد نہیں کرسکا۔کشمیری آزادی کیلئے لازوال قربانیاں دے رہے ہیں جن کی دنیا بھر میں نظیر نہیں ملتی۔پاکستان کشمیریوں کی عملی طور پر حمایت کرے۔سیاسی اور سفارتی سطح پر حمایت کے اعلان سے کچھ نہیں ہوگا۔پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے وہ کردار ادا کرے جو بھارت نے مشرقی پاکستان میں ادا کیاتھااور اسی کی ضرورت بھی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز دفتر جماعت اسلامی عید گاہ روڈ میں یوم تاسیس جماعت اسلامی اور یوم شہداء کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ضلعی امیر شمشیر خان،قاضی شاہد حمید، غلام رسول ماگرے ،شیخ منظور،حافظ عبدالصمد،قاری نذیر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر ممنوعہ ہتھیار پیلٹ گن کا استعمال کرکے ان کو بصار ت سے بھارت محروم کررہا ہے۔کشمیری بچیاں کنکروں سے مسلح بھارتی فوج کا مقابلہ کررہی ہیں مگر اس کے باوجود بھی دنیا بھر سے کشمیریوں کے حق میں کوئی آواز نہیں اٹھ رہی ہے ۔امریکہ نے ہمارے ساتھ پہلے بھی دھوکہ کیا اور اب بھی دھوکہ کررہا ہے ۔ہمارے حکمران امریکہ کے فرنٹ لائن اتحادی بنے اور اس کی جنگ بھی لڑتے رہے ہیں مگر جب وقت آیا تو امریکہ بھارت کے ساتھ جاکھڑا ہوا ۔انہوں نے کہا کہ اہل کشمیر پاکستان سے محبت رکھتے ہیں اور بھارت کی تمام تر سہولیات کو ٹھوکر مار کر پاکستان کی خاطر اپنے سینے پر گولیاں کھارہے ہیں مگر پاکستان کے حکمران سوئے ہوئے ہیں ۔حکومت پاکستان کشمیریوں کی عسکری مدد کرے ۔محض قراردادوں اور ریلیوں سے کشمیر آزاد نہیں ہوگا ۔بھارت پاکستان کو بنجر بنانے کی سازش کررہا ہے اس کو بھی ناکام بنا نے کیلئے حکمران کردار ادا کریں۔پاکستان میں دہشتگردی کی مذمت کرتے ہیں ۔پاکستان کے ادارے دہشتگردی کو روکنے کی جانب توجہ دیں۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں بجلی لوڈشیڈنگ میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔یہ خطہ ایک ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کررہا ہے جبکہ اسکی ضرورت45میگاواٹ ہے جو کہ بااختیار وزیراعظم ہونے کے باوجود عوام کو میسر نہیں۔وزیراعظم آزادکشمیر عوام کے مسائل حل کریں۔فاروق حیدر جب اپوزیشن میں تھے تو ہمارے ساتھ آل پارٹیز کانفرنس میں یہ کہتے تھے کہ میں عوام کے حقوق کی جنگ اسلام آباد میں لڑوں گا اب خاموش ہیں۔ضلعی امیر شمشیر خان نے کہا جماعت اسلامی نے تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے بڑی قربانیاں پیش کی ہیں۔جماعت کے کارکنان نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں ۔جماعت اسلامی اقامت دین کی جدوجہد کررہی ہے۔تقریب سے قاضی شاہدحمید ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر