الیکشن کے حوالے سے تمام انتظامات آخری مراحل میں ہیں،غلام صغیر

الیکشن کے حوالے سے تمام انتظامات آخری مراحل میں ہیں،غلام صغیر

چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر ،ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر چکوال غلام صغیر شاہد نے میڈیا کو بتایا کہ الیکشن 2018کے حوالے سے تمام انتظامات آخری مراحل میں داخل ہو چکے ہیں اور ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔اس ضمن میں میں نے اور ڈسٹرکٹ سیشن جج نے تمام سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کو بُلا کر ضابطہ اخلاق کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ہے اور اس پر سختی سے عملدآمد کی تلقین بھی کی ہے۔ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 25کے قریب امیدواروں کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے اور کچھ امیدواروں کو جرمانے بھی کیے گئے اور بعض کے خلاف مقدمات بھی درج کرائے گئے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ کچھ امیدواروں نے پینا فلیکس اور بینرز مقررہ سائز سے زیادہ بنوا رکھے تھے انکو اتروا دیا گیا ہے۔اب سیاسی جماعتوں کے امیدواران ضابطہ اخلاق کی پابندی کر رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے مزید بتایا کہ ڈی پی او چکوال سے مل کر سیکورٹی کے تمام انتظامات کو بھی حتمی شکل دیدی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ 925پولنگ سٹیشنوں میں 74پولنگ سٹیشن کو حساس قرار دیا گیا ہے جن پر CCTVکیمرے نصب کیے جائینگے۔اور ان تمام تر انتظامات کی تفصیل صوبائی حکومت کو بھی بھیجی جا رہی ہے پولنگ سٹیشن پر کام کرنے والے اہلکاران کی ٹریننگ مکمل کرائی جا چکی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ڈی پی او اور ڈسٹرکٹ سیشن جج کے ساتھ مکمل رابطے میں ہوں اور ہماری ایک اچھی ٹیم بہتر انداز میں کام کر رہی ہیں اور تمام ووٹرز کو فری ماحول مہیا کیا جائیگا۔تا کہ وہ بغیر کسی دباؤ کے اپنا حق راہ دہی استعمال کر سکے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر