چکوال میں صنعتی زون کے قیام کی منظوری خوش آئند ہے،ڈی سی چکوال

چکوال میں صنعتی زون کے قیام کی منظوری خوش آئند ہے،ڈی سی چکوال

چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر غلام صغیر شاہد نے کہا ہے کہ ضلع چکوال میں صنعتی زون کے قیام کی منظوری خوش آئند ہے انشاء اللہ اس صنعتی زون کے قیام کے راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور کی جائیں گی اور صنعتی زون کے قیام سے اس علاقے میں ترقی اور خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہوگا اور اس حوالے سے چکوال چیمبر آف کامرس کی طرف سے کی جانے والی کوششیں قابل ستائش ہیں وہ چکوال چیمبر آف کامرس کے کی طرف سے دیے جانے والے عید ملن استقبالیہ میں خطاب کررہے تھے۔ تقریب سے چکوال چیمبر آف کامرس کے سرپرست اعلیٰ ظفر بختاوری ، چکوال چیمبر آف کامرس کے بانی قاضی محمد اکبر، صدر چیمبر حاجی نذیر سلطان، آفاق میڈیا گروپ کے چیئرمین خرم عباسی ٹونی، ہارون غنی چیمہ اور ملک حفیظ انجم نے بھی خطاب کیا۔ خطبہ استقبالیہ قاضی محمد اکبر نے پیش کرتے ہوئے کہا کہ چکوال چیمبر کے مستقبل کے منصوبوں میں صنعتی زون اورجم خانہ کلب کا قیام پہلی ترجیح ہے۔ ظفر بختاوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ چکوال چیمبر آف کامرس کا قیام 25سال کی تاخیر کے بعد ہوا ہے مگر الحمد اللہ چکوال چیمبر آف کامرس نے چھ سالوں میں پورے ملک میں اپنا مقام پیدا کیا ہے۔ خرم عباسی ٹونی نے اپنے خطاب میں کہا کہ علاقے سے پسماندگی اور غربت کو دور کرنا میری خواہش ہے۔ ڈپٹی کمشنر غلام صغیر شاہد نے مزید کہا کہ ضلع چکوال بنیادی طور پر ایک پرامن ضلع ہے اور سی پیک منصوبے کے اثرات بھی یہاں مرتب ہونگے ، لہٰذا ضلع چکوال کو ایک ماڈل ضلع بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ آخر میں ڈپٹی کمشنر صغیر شاہد کو چکوال چیمبر آف کامرس کی طرف سے شیلڈ پیش کی گئی۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر