صوبے میں انتظامی افسران کی کمی پائی جاتی ہے،چیف سیکرٹری سندھ

صوبے میں انتظامی افسران کی کمی پائی جاتی ہے،چیف سیکرٹری سندھ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیف سیکریٹری سندھ میجر (ر) اعظم سلیمان خان نے کہاہے کہ پولنگ اسٹیشنز پر مسنگ فیسلٹیز کی فراہمی کے لئے حکومت سندھ نے ایک ارب سے زائد رقم جاری کردی ہے۔ الیکشن کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے 5673 پولنگ اسٹیشنز پر 20 ہزار سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے کی تنصیب کا کام آج سے شروع ہوگیا ہے جس کے لئے بھی ضروری رقم جاری کردی گئی ہے یہ باتیں چیف سیکریٹری سندھ نے اے پی این ایس کے ایک نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کیں۔ وفد میں قاضی اسد عابد، سرمد علی، جاوید مہرشمسی اور علی حسن شامل تھے۔ملاقات میں سیکریٹری اطلاعات قاضی شاہد پرویز بھی موجود تھے۔چیف سیکریٹری سندھ نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر مکمل طور پر عمل کیا جا رہا ہے۔تاریخ میں ایسا کم ہی ہوا ہے کہ امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کو باضابطہ نوٹس جاری ہوئے ہوں یا امیدواروں پر جرمانہ عائد کیا گیا ہو۔سندھ کی انتظامیہ الیکشن کمیشن کی زیر نگرانی اور زیر ہدایت اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔اس سلسلے میں کسی بھی امیدوار کی شکایت پر فوری اور موثر کارروائی کی جا رہی ہے۔ایک سوال کے جواب میں میجر (ر) اعظم سلیمان خان نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں کے علاوہ دیہی علاقوں میں بھی قوائد و ضوابط کو لاگو کیا جار ہا ہے ، تاہم اگر کسی ایک یا چند حلقوں میں کوئی شکایت ہے تو وہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر جو کہ متعلقہ ڈپٹی کمشنر ہیں کہ علم میں لایہ جائے تاکے وہ قانون کے مطابق عملی کارروائی کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں انتظامی افسران کی شدید کمی پائی جاتی ہے تاہم جو موجود افسران ہیں ان میں سے بیشتر میں وہ صلاحیت موجود ہیں کہ اگر صحیح رہنمائی کی جائے تو وہ گورننس کے بہتر معیار قائم کر سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مقامی انتظامیہ سے قریبی رابطہ رکھنے اور انتظامات کا ازخود جائزہ لینے کے لئے انہوں نے بذات خودسیکریٹری داخلہ اور آ؍ جی سندھ کے ہمراہ تمام ڈویزنل ہیڈکوارٹرز بشمول حیدرآباد، سکھر ، لاڑکانہ ، شہید بینظیر آباد اور میر پور خاص کے دورے کئے ہیں ، اور دیئے گئے احکامات پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لئے وقتافوقتا ویڈیو لنک کے ذریعے جائزہ لیتے رہیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کے دنوں میں اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی ہوگی اور جن افراد نے ماضی میں پولنگ اسٹیشنز پر ہنگامہ آرائی یا قانون کی خلاف ورزی کی ہے ان سے بھاری ضمانتیں حاصل کی جا رہی ہیں۔ اور ضرورت پیش آئی تو قانون کی خلاف ورزی کرنے والے کو گرفتار بھی کیا جائے گا۔اے پی این ایس کے وفد نے سندھ کی نگران حکومت کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور ساتھ ساتھ موجودہ امن و امان کی حالات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے مزید تندہی سے کام کرنے کی تجویز بھی پیش کی جس پر چیف سیکریٹری سندھ میجر ریٹائرڈ اعظم سلیان نے کہا کہ انہوں ضلعی سطح پر انٹیلی جنس کمیٹیوں کو فعال کر کے مکمل اختیار دے دیا ہے۔اے پی این ایس کے وفد نے میمبر پبلیکیشن کے بقایاجات کی ادائگی کی جانب چیف سیکریٹری سندھ کی توجہ دلوائی جس پر سیکریٹری اطلاعات نے وضاحت پیش کی اور آگاہ کیا کہ دیگر واجبات کی تصدیق کا عمل جاری ہے ۔چیف سیکریٹری سندھ نے اے پی این ایس وفد کو بقایاجات کی ادائگی کے سلسلے میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔