پی ایس 99 میں بے گھر افراد کو گھر دیئے جائینگے ،حلیم عادل شیخ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف پی ایس 99کے امیدوارحلیم عادل شیخ کی حلقے میں کامیابی کے لیے سرائیکی اتحاد کا پاور شو،سرائیکی اتحاد کے چیئرمین کرنل (ر)عبدالجبار کی جانب سے ایوب گوٹھ اتوار بازار میں دی گئی کارنر میٹنگ میں حلقے میں موجود سرائیکی برادری کا جم غفیر امنڈ آیا ،تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان ،چٹھہ گبول گوٹھ،جھنجار گوٹھ میں بھی کارنر میٹنگوں میں دیگر جماعتوں کے کارکنان کی جانب سے شمولیتوں کا سلسلہ جاری ،جمالی گوٹھ میں کاکڑ برادری اور دلدار عمرانی گوٹھ میں اوڈ برادری کے درجنوں خاندانوں نے حلیم عادل شیخ کی کامیابی کے لیے اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ان مختلف مقامات پر اپنے خطاب میں حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ اب کوئی سندھیوں ،مہاجروں ،بلوچیوں ،سرائیکوں اور پٹھانوں سمیت دیگر بسنے والی برادیوں کو لاوارث نہ سمجھے سب کے حقوق یکساں اندازمیں پورے ہونگے اور ہر جگہ سے بیٹ چلے گا جس کے نتیجے میں ہمارا چیئرمین عمران خان اس ملک کا وزیراعظم بنے گا،انہوں نے کہاکہ اب ظلم کی ہر رات مٹنے والی ہے بہت دکھ سہہ لیے اب عوام کے اچھے دن شروع ہونے والے ہیں میرا ساتھ حلقہ پی ایس 99 کی عوام کے ساتھ صرف حلقے تک محدود نہیں ہوبلکہ یہاں کے لوگ مجھ سے پورے کراچی اور سندھ کا کام لے سکتے ہیں میرے گھر کے دروازے اس حلقے کی عوام کے لیے چوبیس گھنٹے کھلے ہیں،انہوں نے کہاکہ آج اس ملک میں عوام بے روزگاری اور بدامنی سے پریشان ہے لوگوں کے گھروں چولہے بجھے ہوئے ہیں اس وقت ہر چیز قوت خرید سے دور ہے ہم مہنگائی کا خاتمہ کرینگے اس ملک کے کروڑوں نوجوانوں کو نوکریاں فراہم کرینگے بے گھر افراد کو گھر دیے جائینگے ۔