پاکستان بزنس سنٹر کویت کے ڈائریکٹر حافظ محمد شبیر کا نوابزادہ سراج رئیسانی کی شہادت پر اظہار افسوس

پاکستان بزنس سنٹر کویت کے ڈائریکٹر حافظ محمد شبیر کا نوابزادہ سراج رئیسانی ...
 پاکستان بزنس سنٹر کویت کے ڈائریکٹر حافظ محمد شبیر کا نوابزادہ سراج رئیسانی کی شہادت پر اظہار افسوس

  

کویت(عرفان شفیق سے)پاکستان بزنس سنٹر کویت کے ڈائریکٹر اور پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے کوآرڈینیٹر برائے کویت حافظ محمد شبیر نے بلوچستان کے شہر مستونگ میں دھشتگردی کے واقعہ کو پوری پاکستانی قوم کیلئے بہت بڑا سانحہ قرار دیا اور کہا کہ سراج رئیسانی سمیت 133،افراد کی شہادتوں پر ان کا دل خون کے آنسو رو رہا ہے،2006 میں نواب اکبر بگٹی کے سانحہ کے بعد ضروری تھا کہ بلوچستان میں امن قائم کر کے وہاں کے لوگوں کا اعتماد حاصل کیا جاتا مگر افسوس کہ بلوچستان ہماری حکومتوں کی ترجیحات میں شامل ہی نہیں،سراج رئیسانی کی شہادت ایک بہت بڑا نقصان ہے۔افسوس کی بات ہے کہ اس وقت پاکستان کی دشمن قوتیں اور بین الاقوامی ایجنسوں نے پاکستان کو ٹارگٹ کیا ہوا ہے اور وہ انتخابات سے قبل پاکستان کو ہرطرح سے نقصان پہنچانے کیلئے کوشاں ہیں اور ہماری حکومت ہمیشہ کی طرح پہلے سے تحریر شدہ بیان جاری کردیتی ہے کہ دھشت گردوں کو معصوم جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

حافظ محمد شبیر  نے کہا کہ سوچنے کی بات یہ ہے کہ کیا وہ ان کی اجازت کے محتاج ہیں،مملکت کی سلامتی کا تقاضا ہے کہ کے پی کے اور بلوچستان میں ہونے والے واقعات کے بعد ہی سہی قوم دھشتگردوں کے خلاف متحد ہو جائے،اس مسئلہ پر حکومت اور تمام سیاسی جماعتوں کو ایک صفحہ پر ہونا چاہئیے۔انہوں نے مزید کہاکہ وہ ہارون بلور،سراج رئیسانی اور دیگر شہداء کے بلند درجات کیلئے دعا گو ہیں اور لواحقین کے غمِ میں برابر کے شریک ہیں اللہ تعالیٰ انہیں یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے آمین۔

مزید : بین الاقوامی