مستونگ خودکش حملہ ملک کا سب سے بڑا سانحہ،عام انتخابات کا التواءدہشتگردوں کی کامیابی ہوگی :عمران خان کا اداروں اور عوام سے ملکر دشمن کو شکست دینے کا عزم
کوئٹہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ عام انتخابات کا التواءدہشت گردوں کی بڑی کامیابی ہوگی ، دہشگرد الیکشن کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں، مستونگ دہشتگردی پاکستان کا سب سے بڑا سانحہ ہے ۔
نجی ٹی وی چینل ’’دنیا نیوز‘‘ کے مطابق ساراوان ہاوس میں سراج رئیسانی شہید کی تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ مستونگ میں دہشتگردی کا واقعہ ملک کا بہت بڑا سانحہ ہے، اس کے پیچھے ملک دشمن عناصر کا ہاتھ ہے، جو دہشت گردی کے ذریعے الیکشن کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ ملک کے تمام اداروں اور عوام کو ایک پیج پر آ کر مسئلے کاحل نکالنا ہو گا، سب نے مل کر دشمن کو شکت دینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد ہوتا تو ملک میں اتنی مشکلات نہ ہوتیں، گزشتہ 10 سالوں میں قیادت نے بلوچستان کو ٹائم نہیں دیا۔انہوں نے کہا کہ ملک کا سب سے بڑا دوسرا مسئلہ کرپشن اور منی لانڈرنگ ہے جس کی وجہ سے روپے کی قدر گر رہی ہے۔
کرپشن کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم کرپشن کے ذریعے اربوں روپے لوٹنے والوں کے ساتھ حکومت نہیں بنائیں گے جبکہ ملک سے پانی کے بحران کو حل کرنے کے جامع پلان دیں گے کیونکہ ملک میں پانی کی صورتحال بہت خراب ہے، گلوبل وارمنگ سے پاکستان کی زراعت تباہ ہو رہی ہے ۔تحریکِ انصاف کے سربراہ نے الزام عائد کیا کہ سٹیبلشمنٹ نے 2013 کے انتخابات میں دھاندلی کرائی، نواز شریف نے پنجاب، پی پی نے سندھ اور ایم کیو ایم نے کراچی میں اپنی مرضی کے الیکشن کمشنر لگوائے اور افتخار چودھر ی نے اس سارے عمل میں ان کی مدد کی تھی ۔