چھاوں سب کے لیے' شجرکاری مہم آج کامیابی سے مکمل
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن )چھاوں سب کے لیے' شجرکاری مہم آج کامیابی سے مکمل کر لی گئی- پانچ خواتین نے اپنے بچوں کے ہمراہ لاہور کے علاقے عسکری الیون میں 800درخت لگاکر اس مہم کو مکمل کیا۔
بڑی تعداد میں سوسائٹی میں رہائش پذیر خواتین، بچوں، ماحولیاتی کارکن اور رضاکاروں نے حصہ لیا۔ اس موقع پر ٹرینڈ کلائمٹ رئیلٹی اور کمیونیکیشن سپیشلسٹ آمنہ علی نے کہا کہ ہر مسئلے کے حل کے لئے حکومت پر انحصار کرنے کی بجائے ہمیں ذاتی سطح پر خود بھی کوشش کرنی چاہیے۔ ہمارے بچوں نے سکول میں ماحولیاتی آلودگی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے بارے میں پڑھا اور اس سے متعلق گھر میں بات کی تو ہم چند خواتین نے مل کر اس شجرکاری مہم کا آغاز کیا۔
عسکری الیون کی رہائش پزیر ثنا زہرہ نے کہا کہ کمیونٹی میں درخت لگانے کا مقصد یہ تھا کہ درخت لگانے کے بعد ان کی مکمل دیکھ بھال بھی کی جا سکے۔ اس سلسلے میں عسکری الیون کی انتظامیہ نے ہمارا بھر پور ساتھ دیا، مالیوں کی ٹیم فراہم کی اور درختوں کی دیکھ بھال کی ذمہ داری بھی لی۔
پاکستان ماحولیاتی اور موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ ممالک میں شامل ہے۔ شہری علاقوں میں ترقیاتی کاموں کی وجہ سے بڑی تعداد میں درخت کاٹے گئے ہیں جسکی وجہ سے گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ شجرکاری اس وقت کی اشد ضرورت ہے۔پانچ خواتین اپنی اس رضاکارانہ شجرکاری مہم 'چھاو¿ں سب کے لئے' کے دوسرے مرحلے میں 14 اگست تک مزید 3000 درخت لگانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔