سچن ٹنڈولکر کا وہ ریکارڈ جو 16 سال بعد ایک بار پھر ٹوٹتے ٹوٹتے رہ گیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) کرکٹ ورلڈ کپ انتہائی دلچسپ مقابلے کے بعد انگلینڈ کو پہلی بار چیمپیئن بنانے کے بعد ختم ہوگیا ہے لیکن اس کے فائنل میچ اور ریکارڈ کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ رواں ورلڈ کپ میں بلے بازوں کے بلوں نے خوب رنز اگلے لیکن پھر بھی سچن ٹنڈولکر کا 16 سال پرانا ریکارڈ نہیں ٹوٹ سکا۔
بھارت سے تعلق رکھنے والے سچن ٹنڈولکر کو دنیائے کرکٹ کا سب سے عظیم بلے باز سمجھا جاتا ہے جس نے ٹیسٹ اور ون ڈے میں سب سے زیادہ انفرادی سکور اور سنچریاں بنا رکھی ہیں ۔ سچن ٹنڈولکر ایک ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ انفرادی رن سکور کرنے والے کھلاڑی بھی ہیں، یہ کارنامہ انہوں نے 2003 کے کرکٹ ورلڈ کپ میں سرانجام دیا تھا۔ مذکورہ ورلڈ کپ میں سچن ٹنڈولکر نے 11 میچز میں 61 اعشاریہ 18 کی ایوریج سے 673 رنز سکور کیے تھے۔ انہوں نے ٹورنامنٹ کے دوران ایک سنچری اور 6 نصف سنچریاں سکور کی تھیں۔
ایک ورلڈکپ کے علاوہ اپنے کیریئر کے دوران کھیلے گئے ورلڈ کپ میچز میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بھی سچن ٹنڈولکر کے پاس ہے، انہوں نے 1992 سے 2011 کے دوران ورلڈ کپ کے 45 میچز کھیلے جن میں 56 اعشاریہ 95 کی ایوریج سے 6 سنچریوں اور 15 نصف سنچریوں کی مدد سے مجموعی طور پر 2 ہزار 278 رنز بنائے۔ ورلڈ کپ میچز میں دوسرے نمبر پر رکی پونٹنگ سے رنز سکور کیے ہیں، انہوں نے 46 میچز میں 1743 رنز بنائے ہیں۔
2019 کے ورلڈ کپ میں بھارت کے روہت شرما سب سے زیادہ انفرادی رنز سکور کرنے والے کھلاڑی رہے۔ انہوں نے 9 میچز میں 81 کی ایوریج سے بیٹنگ کرتے ہوئے 648 رنز بنائے ۔ ٹورنامنٹ کے دوران انہوں نے 5 سنچریاں اور ایک نصف سنچری سکور کی۔
ایک ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ انفرادی رنز سکور کرنے کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آسٹریلیا کے اوپننگ بلے باز میتھیو ہیڈن موجود ہیں جنہوں نے 2007 کے ورلڈ کپ میں 659 رنز سکور کیے تھے۔ ایک ورلڈ کپ میں انفرادی رنز سکور کرنے والے بلے بازوں کی فہرست میں حالیہ ورلڈکپ میں شاندار بلے بازی کرنے والے روہت شرما تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔
پاکستان کی جانب سے ایک ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ سکور بابر اعظم نے بنائے ہیں جنہوں نے 8 میچز کھیل کر 474 رنز سکور کیے ۔ انہوں نے ورلڈ کپ 2019 میں یہ ہندسہ ایک سنچری اور 3 نصف سنچریوں کی مدد سے حاصل کیا ہے۔ مجموعی فہرست میں وہ کافی نیچے ہیں۔