افغانستان سے پاکستان میں داخل ہونے والا چرس سے بھرا ٹرک پکڑا گیا

  افغانستان سے پاکستان میں داخل ہونے والا چرس سے بھرا ٹرک پکڑا گیا

  

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ انفورسمنٹ اینڈ کمپلائنس کوئٹہ نے چمن بارڈر کے راستے افغانستان سے پاکستان چرس کی بڑی کھیپ کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ کراچی کسٹمز ہاؤس سے جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق خفیہ اطلاع پر ڈپٹی کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ اکبر جان کی نگرانی میں پاکستان کسٹمز کی ایک خصوصی ٹیم نے افغانستان سے پاکستان آنیوالی مال بردار گاڑیوں کیخلاف کارروائی کی۔ ترجمان کے مطابق اس سلسلہ میں گزشتہ رات کسٹمز کی ٹیم نے چمن بارڈر کے قریب ایک دس وہیلر ٹرک کو رکنے کا اشارہ کیا تو ٹرک میں نامعلوم ملزمان تیز رفتاری سے آگے نکل گئے اور تعاقب کرنے پر ملزمان ٹرک کو کچھ فاصلہ پر روک کر رات کی تاریکی میں فرار ہوگئے۔ترجمان نے بتایا کہ کسٹمز نے ٹرک کو تحویل میں لے کر مکمل تلاشی لی توٹرک میں بنائے گئے خصوصی خفیہ خانوں سے اعلی قسم کی لگ بھگ ایک ٹن چرس برآمد ہوئی جس کی مالیت بین الاقوامی مارکیٹ میں 20 کروڑ 70 لاکھ روپے ظاہر کی گئی ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ برآمد شدہ چرس اور ٹرک کو ضبط کرکے مفرور ملزمان کیخلاف کسٹم اور منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

چرس برآمد

مزید :

صفحہ آخر -