سپریم کورٹ نے معذور افراد کے حقوق سے متعلق کیس نمٹا دیا
اسلام آباد (این این آئی) سپریم کورٹ آف پاکستان نے معذور افراد کے حقوق سے متعلق کیس نمٹا دیا۔ منگل کو چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ سپریم کورٹ نے کہاکہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں عدالتی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاکہ 2015سے کیس چل رہا ہے احکامات بھی دیئے گئے۔جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاکہ سپریم کورٹ نے ٹرانسپورٹ،ہسپتالوں اور بسوں میں معزور افراد سے متعلق انتظامات کا کہا۔ انہوں نے کہاکہ کسی کو انفرادی شکایت ہے تو متعلقہ فورم پر جا سکتا ہے۔۔ چیف جسٹس نے کہاکہ کیا حکومت کے پاس معزور افراد کے اعدادوشمار ہیں جس پروکیل درخواست گزار نے کہاکہ آ ج تک حکومت کے پاس معزور افراد کے اعدادوشمار ہی نہیں۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہاکہ سروے میں معزور افراد کا ڈیٹا لیاجاتا ہے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ معزور افراد کا ڈیٹا ویب سائٹ پر جاری کیا جائے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ معزور افراد کی اصل تعداد تومردم شماری کے بعد ہی معلوم ہوگی۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے کہاکہ سندھ میں 56ہزار 215 افراد کو معزوری پر سرٹیفکیٹس جاری کیا گیاہے۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل شبیر شاہ نے کہاکہ سندھ حکومت نے معذور افراد کا کوٹہ بھی پانچ فیصد کردیا ہے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ کیس نمٹا رہے ہیں حکومتی روپورٹس کا جائیزہ لے کر گائیڈ لائینز دیں گے۔ بعد ازاں عدالت نے کیس نمٹا دیا۔
سپریم کورٹ