ٹیم کیلئے ہمیشہ اچھا کھیلنا میرا مقصد ہے، شان مسعود

ٹیم کیلئے ہمیشہ اچھا کھیلنا میرا مقصد ہے، شان مسعود

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ڈربی(آئی این پی)قومی ٹیسٹ کرکٹر شان مسعود نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم کیلئے اچھا کھیل پیش کرنا میرا مقصد ہے، میری کوشش یہی رہتی ہے کہ غلطیوں سے سیکھوں۔ٹیسٹ کرکٹر شان مسعود کا ویڈیو کانفرنس میں کہنا تھا کہ ہمارا فیز ٹو اب شروع ہوچکا ہے،ٹیسٹ سیریز کیلئے اب ہم ڈربی میں ٹریننگ کرینگے،یہاں ہوٹل اور گراونڈ دونوں قریب تر اور بائیو سیکور ماحول میں ہیں،ہمیشہ اچھے اور برے وقت میں سوچ بلند رکھنی چاہیے،میری کوشش یہی رہتی ہے کہ غلطیوں سے سیکھوں،پاکستان ٹیم کیلئے اچھا کھیل پیش کرنا میرا مقصد ہے۔انہوں نے کہا کہ حریف سائیڈ کی کارکردگی کو مانیٹر کرنا ضروری ہے،اس لیے انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کا میچ دیکھا ہے،دو ہفتے میں ہم سب کی کارکردگی اچھی رہی ہے،ابھی تین ہفتے باقی ہیں اس دوران انگلینڈ کی مزید کرکٹ دیکھنا ہے،انگلینڈ کے پاس بیک اپ میں بہتر کھلاڑی موجود ہیں، دنیا کی بہترین ٹیمیں آپس میں مدمقابل آرہی ہیں۔
،ویسٹ انڈیز کیخلاف شکست سے انگلینڈ کو کمزور نہیں سمجھ سکتے۔
انگلینڈ ہماری سیریز سے قبل تین ٹیسٹ کھیل چکا ہوگا،انگلینڈ کے پاس بڑی تعداد میں کھلاڑیوں کا بیک اپ ہے،کچھ ایڈوانٹیج ہمارے پاس ہیں،ہمارے پاس یاسر شاہ جیسا ورلڈ کلاس اسپنر ہے،یاسر کیساتھ شاداب خان بطور بیک اپ موجود ہے،کنڈیشن کے مطابق اسپن بولنگ کی ضرورت پڑیگی۔شان مسعود نے کہا کہ ٹیسٹ میچ جیتنے کیلئے 20 کھلاڑیوں کو آوٹ کرنا لازمی ہے جبکہ بلے بازوں کو بھی زیادہ رنز اسکور کرنا پڑیں گے،ماضی کو بھلا کر اب مستقبل کا سوچنا ہے،ہمیں انگلینڈ سیریز سے پہلے تیاری کا اچھا موقع ملا ہے، مثبت سوچ اور کنڈیشن کے مطابق کھیلنے کی کوشش ہوگی،کیمپ میں یونس خان کے آنے سے کافی فرق آیا ہے،بیٹنگ بہتر بنانے کیلئے یونس خان کام کررہے ہیں،یونس اور مصباح ہماری پرفارمنس بہتر بنانا چاہتے ہیں۔کرکٹ کے موجد ملک میں کھیلنے کا الگ تجربہ ہوتا ہے،عامر سہیل،سعید انور اور محسن حسن یہاں پرفارمنس دکھا چکے ہیں،اوپنر کا کام ہی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرنا ہے،پاکستان ٹیم فٹنس میں بہت اچھی ہے اور اسکل ورک میں بہتری آ رہی ہے،انگلینڈ کے کمزوریوں سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔