ٹیکس جمع کرنے میں محکمہ ایکسائز کا اہم کردار ہے، مکیش کمار چاؤلہ

  ٹیکس جمع کرنے میں محکمہ ایکسائز کا اہم کردار ہے، مکیش کمار چاؤلہ

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور مکیش کمار چاؤلہ نے کہا ہے کہ سندھ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات ڈیپارٹمنٹ حکومت سندھ کا ایک اہم جزو ہے اور ٹیکسوں کی وصولی میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے جبکہ منشیات فروشوں کے خلاف بھی موثر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور بڑی اطمینان بخش بات ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے مشکل وقت کے باوجود، محکمہ سندھ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے مالی سال 2019۔20 کے دوران 100 فیصد سے زیادہ ٹیکس کا ہدف حاصل کرلیا ہے۔ یہ بات انہوں نے منگل کو آئی۔ آئی۔ چندریگر روڈ کراچی میں ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات کی نئی عمارت کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول عبدالحلیم شیخ، ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات شعیب احمد صدیقی ' ایم ڈی سیپرا عبدالرحیم شیخ اور دیگر ڈائریکٹرز بھی موجود تھے۔ قبل ازیں ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات اور پارلیمانی امور کے صوبائی وزیر مکیش کمار چاؤلہ نے افتتاحی تختی کی نقاب کشائی کی اور ملک و قوم اور سندھ کی ترقی کے لئے دعا مانگی۔ انہوں نے کہا کہ 2008 میں جب پاکستان پیپلز پارٹی کو حکومت ملی تھی اس وقت محکمہ ایکسائز کا ریونیو 7 ارب 29 کروڑ روپے تھا اب یہ رہونیو 80 ارب روپے سے زائد ہے۔ مکیش کمار چاؤلہ نے کہا کہ سندھ بورڈ آف ریونیو کے بعد سب سے ٹیکس محکمہ ایکسائز سندھ جمع کرتا ہے۔ انہوں نے مذید کہا کہ آن لائن ٹیکس جمع کروانے اور گاڑیوں کی تصدیق کے لیے اسمارٹ کارڈ جلد ہی متعارف کروایا جائے گا۔ انہوں نے عمارت کے مختلف حصوں کا بھی دورہ کیا اور وہاں کام کرنے کے ماحول کو سراہا۔ مکیش کمار چاؤلہ نے کانفرنس ہال میں افسران سے خطاب کرتے ہوئے ان سے کہا کہ وہ سخت محنت کریں اور اپنے ٹیکس کے اہداف کو بروقت حاصل کریں

مزید :

صفحہ آخر -