کمپنیوں کا گسی قیمتوں میں اضافے کا مطالبہ مسترد، اوگرا نے کمی کی تجویز دیدی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے گیس کی قیمت میں اضافے سے متعلق سوئی ناردرن اور سدرن کے مطالبات مسترد کردئیے۔ترجمان کے مطابق سوئی ناردرن اور سدرن نے رواں مالی سال کے لیے گیس کی قیمتوں میں اضافہ مانگا تھا لیکن اوگرا نے گیس کی قیمتوں میں کمی تجویز کی ہے۔ سوئی ناردرن نے گیس کی اوسط قیمت 664 روپے 25 پیسے سے بڑھاکر 1287 روپے فی یونٹ کرنیکی درخواست کی تھی لیکن اوگرا نے فیصلے میں سوئی ناردرن کے لیے گیس کی اوسط قیمت 664 روپے 25 پیسے سے کم کرکے 623 روپے 31 پیسے کرنیکی تجویز دی ہے۔اوگرا نے سوئی سدرن کی موجودہ اوسط گیس قیمت میں بھی 2 فیصد کمی تجویز کی ہے جب کہ سوئی سدرن نے گیس کی موجودہ اوسط قیمت 796 روپے 18 پیسے سے بڑھاکر 881 روپے 53 پیسے کرنے کی درخواست تھی لیکن اوگرا نے سوئی سدرن کی موجودہ اوسط گیس کی قیمت 796 روپے 18 پیسے سے کم کرکے 750 روپے 90 پیسے مقرر کرنے کی تجویز دی ہے۔ترجمان کے مطابق گیس کی قیمتوں میں کمی کی تجویز کی بڑی وجہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی ہے۔ گیس قیمتوں کا حتمی نوٹیفکیشن اوگرا وفاقی حکومت کے فیصلے کے بعد جاری کرے گا۔
گیس قیمتیں