چیئرمین این ڈی ایم اے کامختلف اسپتالوں کا دورہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیراعظم کی ہدایت پر چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے)لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے گزشتہ روز کراچی کے مختلف اسپتالوں کا دورہ کیا اوروہاں این ڈی ایم اے کی جانب سے فراہم کردہ سامان کے متعلق معلومات حاصل کیں۔چیئرمین این ڈی ایم اے کے دورے کے دوران ایک ٹیم بھی ان کے ساتھ تھی، جس نے تمام ضروری اور اہم معلومات کا ڈیٹا جمع کیا اور باریک بینی سے صورتحال کا جائزہ بھی لیا۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین این ڈی ایم اے نے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے گزشتہ روزکراچی میں عباسی شہیداسپتال، قطراسپتال اورنگی ٹاؤن،سندھ گورنمنٹ اسپتال لیاقت آباد اور کورنگی کا دورہ کیا۔انہوں نے اسپتال میں موجود انتظامات کا جائزہ لیا اور انتظامیہ سے مریضوں کے علاج معالجے کی بابت بھی دریافت کیا۔لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل اوران کے ہمراہ کراچی کے دورے پر آنے والی ٹیم کے اراکین نے تمام اسپتالوں میں این ڈی ایم اے کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولتوں اور سامان کے متعلق تفصیلی معلومات حاصل کیں۔چیئرمین این ڈی ایم اے جب عباسی شہید اسپتال میں قائم کورونا وارڈ کے دورے پر پہنچے تو انہیں اسپتال انتظامیہ کی جانب سے کورونا سے بچا ؤکے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات اور کورونا مریضوں کے علاج معالجے کے متعلق بریفنگ دی گئی۔اس موقع پرلیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کو بتایا گیا کہ عباسی شہید اسپتال کو این ڈی ایم اے کی جانب سے 125 ایکوپیڈ بیڈز،18 وینٹی لیٹرز اور 29 بائی پپ فراہم کیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق این ڈی ایم اے کے چیئرمین اور ٹیم کے اراکین نے وہاں موجود انتظامیہ کے اراکین سے ان سہولتوں کی بابت دریافت کیا جو کورونا سے متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے کی بابت فراہم کی گئی ہیں۔