کورونا کے باعث سیاحتی مقامات کی بندش کیخلاف اے این پی کی جانب سے توجہ دلاؤ نوٹس جمع

کورونا کے باعث سیاحتی مقامات کی بندش کیخلاف اے این پی کی جانب سے توجہ دلاؤ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور (سٹی رپورٹر)کورونا وبا کے باعث ملک بھر اور بالخصوص خیبرپختونخوا میں سیاحتی مقامات کی بندش اور اس سے وابستہ افراد کو مالی و ذہنی پریشانی کیلئے اے این پی نے خیبرپختونخوا اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرادیا۔ صوبائی جائنٹ سیکرٹری و رکن صوبائی اسمبلی فیصل زیب خان کی جانب سے جمع کرائے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کورونا وبا کے باعث ملاکنڈ ڈویژن اور ہزارہ ڈویژن کے تمام سیاحتی مقامات بند پڑے ہیں۔ کالام، سوات، کاغان، ناران اور نتھیاگلی سمیت دیگرعلاقوں میں سیاحوں کی آمدو رفت ختم ہوچکی ہے جسکی وجہ سے انہی علاقوں کے ہزاروں افراد بے روزگار ہوچکے ہیں۔ اگر ان مقامات کو فوری طور پر کھولنے کی اجازت نہ دی گئی تو خدشہ ہے کہ ہزاروں کاروباری افراد دیوالیہ ہوجائیں گے۔ نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ان سیاحتی مقامات کی بندش کی وجہ سے ہزاروں ملازمین ذہنی پریشانی کا شکار ہوسکتے ہیں اسی لئے ایوان کی وساطت سے صوبائی حکومت اور محکمہ سیاحت سے مطالبہ کیا گیا کہ حکومت ایس او پیز کے تحت تمام سیاحتی مقامات عوامی فلاح اور بہتر معیشت کی خاطر کھولنے کی اجازت دے۔