نشتر ہسپتال ٹوکا تعمیراتی کام تیز کرنے کا حکم: صحت کے منصوبوں کی تکمیل میں کوتاہی برداشت نہیں کروں گا: عثما ن بزدار

  نشتر ہسپتال ٹوکا تعمیراتی کام تیز کرنے کا حکم: صحت کے منصوبوں کی تکمیل میں ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملتان میں شعبہ ہیلتھ کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے نشترہسپتال ٹو کے منصوبے کادورہ کیا اور ملتان انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیز کا معائنہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے نشتر ہسپتال ٹوکے تعمیراتی کام تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ نشتر ہسپتال ٹو کا پراجیکٹ جنوبی پنجاب کے عوام کا حق تھا جو دیاجارہا ہے۔سٹیٹ آف دی آرٹ نشتر ہسپتال ٹو9ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہوگا۔نشترہسپتال ٹو کا ابتدائی تعمیراتی کام91فیصد مکمل ہوچکا ہے۔عمارت کیلئے بنیادوں کی بھرائی،باؤنڈری وال اوردیگر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے۔پہلے مرحلے میں 500بستروں پر مشتمل ہسپتال بنایا جارہا ہے۔دوسرے مرحلے میں مزید 500بیڈ کا اضافہ کیا جائے گا۔ہسپتال کے ڈاکٹروں اورسٹاف کیلئے رہائشگاہیں بھی بنائی جائیں گی۔ تیسرے مرحلے میں میڈیکل یونیورسٹی اور نرسنگ کالج بنے گا۔انہوں نے کہا کہ نشتر ہسپتال ٹو کی تعمیر سے جنوبی پنجاب کے شہریوں کوعلاج کی بہترین سہولت میسر ہوگی۔نشتر ہسپتال ٹو بننے سے دوسرے ہسپتالوں سے مریضوں کا رش کم ہوگا۔بعدازاں وزیراعلیٰ عثمان بزدار ملتان انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیزپہنچے اورانسٹی ٹیوٹ میں مریضوں کے علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ نے انسٹی ٹیوٹ کے مختلف شعبے دیکھے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مریضوں اوران کے لواحقین سے ملاقات کی اورعلاج معالجے کی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مریضوں کی عیادت کی۔ایک مریضہ کی درخواست پر وزیراعلیٰ نے انتظامیہ کومسئلہ فوری طورپر حل کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے کڈنی انسٹی ٹیوٹ کو مکمل طورپرفعال کیا ہے۔ملتان انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیز میں 110ڈائلیسز مشینوں کا اضافہ کیا جائے گا۔برطانوی ہسپتال کے اشتراک سے گردوں کی ٹرانسپلانٹیشن کے منصوبہ بھی پایہ تکمیل پہنچائیں گے۔ایم کے آئی ڈی میں گردوں کے امراض میں مبتلا بچوں کوعلاج کی جدید سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہصحت کے ترقیاتی منصوبے اپنی نگرانی میں ترجیحی بنیادوں پر مکمل کراؤں گا۔ہیلتھ پراجیکٹس کی تکمیل میں تساہل یا کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔صوبائی وزیر ڈاکٹر اختر ملک،پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات ندیم قریشی،اراکین پنجاب اسمبلی سبین گل،واصف مظہر راں اور معاون خصوصی جاوید اخترانصاری بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب زاہد اختر زمان اورچیف ایگزیکٹو آفیسر انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب مجاہد شیر دل نے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب انعام غنی،کمشنر ملتان ڈویژن اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کورونا کا پھیلاؤروکنے کیلئے اقدامات بارآورثابت ہورہے ہیں۔سمارٹ لاک ڈاؤن کے باعث وباء کے پھیلاؤ میں کمی واقع ہوئی ہے۔کورونا پر منفی سیاست کرنے والوں کے مذموم عزائم ناکام ہوچکے ہیں۔اپوزیشن رہنماء محض پوائنٹ سکورنگ میں لگے رہے اورمتاثرہ بہن بھائیوں کو تنہا چھوڑے رکھا۔آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں وزیراعظم عمران خان کے کورونا سے نمٹنے کے وژن اوراقدامات کو سراہا جارہاہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں متاثرہ مریضوں کی تعداد میں نمایاں کمی ہوئی ہے اورپنجاب حکومت کے موثر اقدامات سے صحت یاب مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شروع سے آج تک محنت،دیانت اورجذبے کیسا تھ کام کیا ہے۔عید الاضحی پر بھی ایس او پیز پر عملدر آمد کر کے بیماری کے مزید پھیلاؤ کو روکنا ضروری ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاہور میں NCOC کے اجلاس کے انعقاد سے قومی یکجہتی میں اضافہ ہوا ہے۔ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے NCOC نے مثالی کردار ادا کیا ہے اور اس فورم کے ذریعے وفاقی حکومت اور صوبائی حکومتوں کے مابین ہم آہنگی کو تقویت ملی ہے۔ سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں اراکین قومی اسمبلی راجہ ریاض احمد اور ملک محمد احسان اللہ ٹوانہ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، حلقوں کے مسائل اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اراکین قومی اسمبلی کو ان کے حلقوں کے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اراکین صوبائی اسمبلی کی طرح قومی اسمبلی کے اراکین بھی میرے ساتھی ہیں۔ ترقیاتی منصوبوں میں منتخب نمائندوں کی مشاورت شامل ہے اور حلقوں کے مسائل حل کرنا اور جاری ترقیاتی سکیموں کی جلد تکمیل اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت سابق دور کی خرابیوں کو دور کر رہی ہے۔ سابق حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے باعث ملک اپنی اصل منزل سے دور ہو گیا۔ ماضی میں قومی وسائل کو نمائشی منصوبوں کی نذر کرکے ملک و قوم سے ظلم کیاگیا۔ سابق حکمرانوں نے عوام کے بنیادی مسائل کو یکسر نظر انداز کیا۔ ہماری حکومت نے عوام کے بنیادی مسائل کے حل پر توجہ مرکوز کی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت تمام علاقوں کی یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے۔ نیا پاکستان عام آدمی کا پاکستان ہے۔ مختصر عرصے میں مختلف شعبوں میں اصلاحات کر کے نئی مثال قائم کی ہے۔ہم نعروں پرنہیں عمل پر یقین رکھتے ہیں۔اللہ تعالیٰ نے خدمت خلق کا جو موقع عطا کیا ہے، اسے عبادت سمجھ کر نبھارہے ہیں۔

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -