کورونا کیخلاف عوامی تعاون سے مثبت سرگرمیاں انجام دیں، کامران بنگش

کورونا کیخلاف عوامی تعاون سے مثبت سرگرمیاں انجام دیں، کامران بنگش

  

پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاو ن خصوصی برائے اطلاعات و بلدیات کامران بنگش نے منگل کو صوبے کے سب سے بڑے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کا دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو چھ سو پی پی ای کٹس، ماسک، گلوکوز اورسینیٹائزر سمیت دیگر حفاظتی سامان حوالے کیا۔اس موقع پر روٹری انٹرنیشنل کلب کے ڈپٹی گورنر خورشید خان، لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر خالد محسود اور ڈین پروفیسر عبداللطیف خان کی موجودگی میں معاون وزیراعلیٰ کامران بنگش نے ایک اجلاس کی صدارت بھی کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات و بلدیات کامران بنگش نے ریمارکس دئیے کہ صوبائی حکومت نے عوامی تعاون سے کورونا کے خلاف مثبت سرگرمیاں سرانجام دی ہیں جس کے خاطرخواہ نتائج سب کے سامنے ہیں۔ مکمل لاک ڈاون سے لے کر سمارٹ لاک ڈاون تک کورونا کا بڑی مہارت سے مقابلہ کیا گیا۔روٹری انٹرنیشنل کلب خیبرپختونخوا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا کہ فلاحی اداروں کا کردار ساری دنیا میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور صوبائی حکومت روٹری انٹرنیشنل سمیت تمام فلاحی اداروں کی سرگرمیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے کیونکہ کہیں پر بھی حکومتیں عوام و فلاحی اداروں کی تعاون کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتیں۔کورونا ایمرجنسی کے دوران صوبائی حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے اطلاعات و بلدیات کامران بنگش نے کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا نے عوام کو کورونا سے محفوظ کرنے کی خاطر تمام دستیاب وسائل اور ذرائع استعمال کئے ہیں۔ جبکہ احساس پروگرام کے تحت اربوں روپے بھی مستحق خاندانوں میں تقسیم کئے گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہسپتالوں میں کورونا کے خلاف استعمال ہونے والی ادویات اور سامان بھی فراہم کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام، ڈاکٹرز، صحافی، پولیس اور حکومت خیبرپختونخوا نے انتہائی بہادری کے ساتھ کورونا کا مقابلہ کیا جبکہ مختلف فیلڈز سے تعلق رکھنے والے افراد نے کورونا کے خلاف لڑتے ہوئے شہیدبھی ہوئے۔اجلاس کے دوران معاون اطلاعات و بلدیات کامران بنگش کو لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر خالد مسعود نے ہسپتال میں کورونا کے متعلق دی جانے والی سہولیات اور درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا۔ معاون وزیراعلیٰ کامران بنگش نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایل آر ایچ کے ڈاکٹرز اور انتظامیہ نے انتہائی مہارت اور احتیاط کے ساتھ کورونا کے خلاف اقدامات اٹھائے جو قابل تعریف ہیں۔ تاریخ میں کورونا کے خلاف آپ کی بہادری اور شجاعت کی داستان ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔

مزید :

صفحہ اول -