اسلام آباد ہائیکورٹ نے امریکا میں ہوٹل روزویلٹ کی نجکاری روکنے کی درخواست نمٹا دی گئی

اسلام آباد ہائیکورٹ نے امریکا میں ہوٹل روزویلٹ کی نجکاری روکنے کی درخواست ...
اسلام آباد ہائیکورٹ نے امریکا میں ہوٹل روزویلٹ کی نجکاری روکنے کی درخواست نمٹا دی گئی

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آباد ہائی کورٹ نے امریکا میں پی آئی اے کے ہوٹل روزویلٹ کی نجکاری روکنے کی درخواست نمٹا دی۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے سماعت کرتے ہوئے وفاق کے بیان کے بعد درخواست نمٹا دی۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ خالد محمود نے عدالت کو بتایا کہ ہوٹل بیچ رہے ہیں نہ اس کی نجکاری کر رہے ہیں، حکومت ایڈوائزر مقرر کر رہی ہے کہ ہوٹل کو کیسے مستقبل میں منافع بخش بنایا جائے۔

جسٹس عامر فاروق نے ڈپٹی اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ روز ویلٹ ہوٹل میں جوائنٹ وینچر تو نہیں ہو رہا؟،ڈپٹی اٹارنی جنرل راجہ خالد محمود نے جواب دیا کہ نہیں ابھی ایسا کچھ نہیں، یہ صرف اخباری خبریں ہیں۔

جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ قومی اثاثے کو ایسے ہی نہیں پھینکنا چاہیے جیسے عمومی طور پر ہم کرتے ہیں، آپ یہ کہہ رہے ہیں کہ فزیبلٹی صرف منافع بخش ہونے سے متعلق تیار ہو رہی ہے۔درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ زلفی بخاری اپنے فرنٹ مین کے ذریعے اس ہوٹل کو لینا چاہتے ہیں۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا رٹ میں موجود کسی فریق کو تو یہ ہوٹل نہیں دیا جا رہا؟،جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ کیا یہاں ٹیلنٹ نہیں کہ غیر ملکی سپیشلسٹ ہائر کر کے خدمات لے رہے ہیں؟ ایسے نہ کریں یہ قومی اثاثہ ہے، کسی کا ذاتی نہیں، نہ کسی کا ذاتی مفاد ہونا چاہیے۔

عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو ہدایت کی کہ مستقبل میں کچھ ایسا ہو تو آپ دوبارہ رٹ دائر کر سکتے ہیں۔

مزید :

قومی -علاقائی -اسلام آباد -