کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ،سندھ حکومت نے ہاتھ سر پر رکھتے ہوئے وفاق کو کوسنے دینا شروع کردیئے

کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ،سندھ حکومت نے ہاتھ سر پر رکھتے ہوئے وفاق کو کوسنے ...
کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ،سندھ حکومت نے ہاتھ سر پر رکھتے ہوئے وفاق کو کوسنے دینا شروع کردیئے

  

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)صوبائی وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کراچی میں بجلی کے مسئلے پر تمام ایونوں اور فورمز میں اپنی آواز بلند کرچکی ہے مگر وفاق کی عدم توجہی اور جھوٹے دلاسوں کے سوا کراچی کی عوام کو کچھ نہ مل سکا،کراچی کی عوام پر کے الیکٹرک کے ظلم و ستم کی داستان دن بدن طویل ہوتی جارہی ہے،وفاقی وزرا ء کے ٹولے کی کراچی آمد اور وعدے وفا نہ ہوسکے۔

کراچی میں لوڈ شیڈنگ کے ستائے عوام سے اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئےناصر حسین شاہ نے کہا کہ ملک کی اشرافیہ اس بات سے بے خبر ہے کہ کس طرح رات و دن دوڑ دھوپ کرکے اپنے اور اپنے بچوں کا پیٹ پالنے والی غریب عوام جب رات کو تھک ہار کر سونے لیٹتی ہے تو اس کے سر پر چلتا واحد پنکھا بھی بند ہوتا ہے، جس کی ذمہ دار کے الیکٹرک اور اس کے حمایتوں کے سوا کوئی نہیں۔ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کراچی میں بجلی کے مسئلے پر تمام ایونوں اور فورمز میں اپنی آواز بلند کرچکی ہے مگر وفاق کی عدم توجہی اور جھوٹے دلاسوں کے سوا کراچی کی عوام کو کچھ نہ مل سکا، کراچی کے تمام مسائل پر پاکستان پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر صدائے احتجاج بلند کی ہے مگر چونکہ ملک پر مسلط ناانصافیوں کا ٹولہ ہر عوامی مسئلے پر اپنی بالادستی ثابت کرنا چاہتا ہے، لہذا شہر کی عوام کو مستقل لوڈ شیڈنگ کے عذاب مسلسل کو سہنا پڑرہا ہے۔

ناصر شاہ نے مزید کہا کہ حکومت سندھ کل بھی اپنے عوام کے ساتھ تھی اور ہمیشہ اپنے لوگوں کے لئے جدوجہد کرتی رہے گی، چاہے اس جرم کی پاداش میں ہم کو کتنے ہی ستم کیوں نہ سہنا پڑیں۔

مزید :

علاقائی -سندھ -کراچی -