زلمی فاؤنڈیشن کا نوجوانوں کی سکل ڈویلپمنٹ کیلئے ٹیوٹا اور چائنا ٹینگ سے معاہدہ

زلمی فاؤنڈیشن کا نوجوانوں کی سکل ڈویلپمنٹ کیلئے ٹیوٹا اور چائنا ٹینگ سے ...
زلمی فاؤنڈیشن کا نوجوانوں کی سکل ڈویلپمنٹ کیلئے ٹیوٹا اور چائنا ٹینگ سے معاہدہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) زلمی فاؤنڈیشن نے پنجاب ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) اور چائنا ٹینگ کے ساتھ نوجوانوں کی سکل ڈویلپمنٹ کا معاہدہ کرلیا جس کے تحت طلبہ کو پاکستان اور چین میں تعلیم دی جائے گی اور اس کے بعد پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے منصوبوں میں ملازمتیں فراہم کی جائیں گی۔

زلمی فاؤنڈیشن، پنجاب ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی اور چائنا ٹینگ کے مابین ایم او یو پر دستخط کرنے کی تقریب لاہور کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔ چیف انوویشن آفیسر زلمی فاؤنڈیشن ڈاکٹر سڈرک ایمل ایڈون اور پنجاب ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی علی سلمان صدیق نے معاہدے پر دستخط کیے۔

اس موقع پر زلمی فاونڈیشن کے چیف انو ویشن آفیسر ڈاکٹر سڈرک نے کہا کہ پشاور زلمی اپنی زلمی فاؤنڈیشن کے ذریعے کھیلوں کے ساتھ دیگر شعبوں میں بھی سرگرم ہے۔ زلمی فاؤنڈیشن ، پنجاب ٹیکنیکل ایجوکیشن  اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی اور چائنا ٹینگ کے درمیان ایم او یو کے بعد نوجوانوں کو پہلے بین الاقوامی معیار کے ڈپلومہ اور پھر ملازمت کے مواقع میسر آئیں گے۔

اپنے پیغام میں چیئرمین پشاور زلمی اور زلمی فاؤنڈیشن جاوید آفریدی نے کہا کہ  ایم او یو کے تحت نوجوانوں کیلئے اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام شروع کیے جائیں گے۔ ڈپلومہ پروگرام کے تحت پاکستانی نوجوان طلبا سی پیک منصوبوں میں کردار ادا کرسکیں گے۔

جاوید آفریدی نے مزید کہا کہ ڈپلومہ پروگرام کے تحت پاکستانی طلبا دو سال پاکستان اور ایک سال چین میں تعلیم حاصل کریں گے۔ ڈپلومہ مکمل ہونے کے بعد طلبہ کو سی پیک منصوبوں میں ملازمت کے مواقع ملیں گے۔

ایم او یو پر دستخط کرنے کی تقریب میں پنجاب کے انڈسڑیز اور کامرس کے وزیر میاں اسلم اقبال اور پشاور زلمی کے ڈائریکٹر کرکٹ محمد اکرم بھی موجود تھے۔