پرامن محرم الحرام پنجاب حکومت کا مشن
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن )صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب/انچارج محرم انتظامات فیصل آباد ڈویژن عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پرامن محرم الحرام اخوت،رواداری اور احترام کے ساتھ پنجاب حکومت کا مشن ہے اس مقصد کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر تمام صوبائی کابینہ پنجاب کے ڈویژنز میں متحرک ہیں۔ صوبے میں امن وامان کا قیام اولین ترجیح ہے اور یوم عاشور کی حرمت پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔انہوں نے یہ بات دورہ فیصل آباد کے موقع پر ڈی سی آفس میں محرم الحرام انتظامات کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ڈپٹی کمشنر عبداللہ نئیر شیخ نے صوبائی وزیر اطلاعات کو محرم انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی اور بتایا کہ ضلع میں تمام جلوسوں اور مجالس کے روٹس کی مکمل نگرانی جاری ہے۔سی پی او کامران عادل بھی اجلاس میں شریک ہوئےجبکہ واسا،پی ایچ اے، میونسپل کارپوریشن کے افسران بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر اطلاعات کو بتایا گیا کہ ضلع بھر میں 387 سی سی ٹی وی کیمرے مانیٹرنگ کے لیے فنکشنل ہیں۔ضلع بھر میں اہم جلوسوں اور مجالس کے راستوں پر 40 واک تھرو گیٹ نصب کئے گئے ہیں۔
صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری نے کہا کہ محرم کے آخری 3 دن سوشل میڈیا کی بھی کڑی مانیٹرنگ کی جائےاورنفرت انگیز اور شر انگیز مواد سوشل میڈیا پر پھیلانے کی کسی صورت اجازت نہیں۔رپورٹ ہونے والی خلاف ورزی کی تصدیق بھی ضروری ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے محرم جلوسوں کے روٹس پر شرکاء کو سبیل شربت اور مختلف پوائنٹس پرحکومت پنجاب کی طرف سے نیاز کی تقسیم بھی فوری شروع کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ نیاز کی کوالٹی چیک کی جائے جبکہ ڈبہ پر منجانب وزیراعلی پنجاب اور پنجاب حکومت کا لوگو لگوائیں۔انہوں نے ڈپٹی کمشنر اور سی پی او سے کہا کہ فلیش پوائنٹس کی مسلسل نگرانی،امن کمیٹی کے علماء کرام سے قریبی رابطہ رہنا چاہیے۔جلوسوں کے روٹس پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے نگرانی کی جائے.
انہوں نے کہا کہ انہیں وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر فیصل آباد میں محرم انتظامات کو مانیٹر کرنے کے لئے ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں اور وہ یوم عاشور کے جلوسوں ومجالس کے اختتام تک فیصل آباد ڈویژن میں موجود رہیں گی۔صوبائی وزیر نے اجلاس کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان سے بریفنگ بھی لی۔
صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری نےڈی سی آفس میں قائم محرم کنٹرول روم کا دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر عبداللہ نیئر شیخ اور سی پی او کامران عادل نےکنڑول روم کے ذریعے جلوسوں کے روٹس کی مانیٹرنگ کے طریقہ کار پر بریفنگ دی۔صوبائی وزیر اطلاعات نے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے محرم جلوسوں کے روٹس پر انتظامات کی نگرانی کی۔کنٹرول روم میں بڑے سائز کی ایل سی ڈی نصب ہیں اور 387سے زائد جدید اور ہائی ٹیک سی سی ٹی وی کیمرے بھی منسلک ہیں جن کے ذریعے مرکزی امام بارگاہ دھوبی گھاٹ،چوک گھنٹہ گھر،دیگر بازاروں اور مختلف علاقوں کے اہم جلوسوں اور مجالس عزاء کے مقامات کی براہ راست کوریج کی جارہی ہے جبکہ مختلف میڈیا چینلز کی مانیٹرنگ پر بھی خصوصی توجہ مرکوز ہے تاکہ میڈیا کی طرف سے مسائل کی نشاندہی کا فوری نوٹس لے کر بلاتاخیر ضروری اقدامات کیے جا سکیں۔