ورلڈکپ ہاکی لیگ ‘ عمدہ پرفارمنس سے اولمپک کیلئے کو الیفائی کرینگے ‘ محمد عمران

ورلڈکپ ہاکی لیگ ‘ عمدہ پرفارمنس سے اولمپک کیلئے کو الیفائی کرینگے ‘ محمد ...

 لاہور (سپورٹس رپورٹر) قومی ہاکی ٹیم کے کپتان محمد عمران نے کہا ہے کہ پاکستا ن بیلجیئم میں ہونے والے اولمپک کوالیفائر راؤنڈز(ورلڈ ہاکی لیگ سیمی فائنلز) میں کامیابی حاصل کرکے اولمپک کے لئے کوالیفائی کرلے گا انہوں نے کہاکہ پاکستانی ٹیم سینئر اور جونیئرز کے کمبی نیشن پر مشتمل ہے اور ٹیم نے اپنی کمزرویوں پر بھی کافی حد قابو پالیا ہے ۔ گول مسنگ کا مسئلہ ٹیم کی کمزوری تھی جس پر کافی حد تک قابو پالیا گیا ہے جبکہ شارٹ کانر اور گول کیپنگ کے شعبہ میں ٹیم کا فی مضبوط ہے ۔کیمپ میں کھلاڑیوں کی خامیوں پر قابو پانے میں کافی مدد ملی ہے ۔آسٹریلیا اور بھارت کے خلاف میچز کی ویڈیوں دیکھنے سے بھی کھلاڑیوں کو کافی سیکھنے کا موقع ملا ہے اور وہ آئندہ میچز میں اپنی کمزوروں کو نہیں دہرائیں گے ۔ کھلاڑی فٹ ہیں اور تین سینئر کھلاڑیوں راشد محمود ،رضوان سینئر اور فرید احمد کی واپسی سے ٹیم کی طاقت میں اضافہ ہوا ہے اور ٹیم بہتر پرفارمنس کا مظاہرہ کرے گی ۔آسٹریلیا کے خلاف حال ہی میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں شکست کی وجوہات میں ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑیوں کا نہ ہونا اور آسٹریلیاکی ٹیم کا مضبوط کمبی نیشن کے ساتھ کھیلنا تھا لیکن اب ہماری ٹیم بھی سینئر کھلاڑیوں کی شمولیت سے آسٹریلیا کے خلاف پوری طاقت سے کھیلے گی اور اب نتائج مختلف ہوں گے ۔اولمپک کوالفائر راؤنڈز میں ہمارے پول میں آسٹریلیا ،بھارت ،فرانس ، پولینڈ اور دیگر ٹیمیں شامل ہیں لیکن موجود ہ ہاکی میں کسی کو بھی آسان ٹیم کے طور پر نہیں لیا جاسکتا ۔فرانس کی ٹیم جونیئر ورلڈ کپ کی فاتح ہے ۔ہم اپنے پول میں شامل ہر ٹیم کے خلاف آسٹریلیا اور بھارت کے خلاف میچز کی طرح کی پلاننگ کریں گے اور جیت کے لئے بھرپور محنت کریں گے ۔محمد عمران نے کہ پاکستان اور بھارت کے مابین موجودہ سیاسی صورتحال کی وجہ سے دونوں ملکوں کی ٹیموں کے اوپر جیت کے لئے بہت زیادہ دباؤ ہوگا ۔دونوں ٹیمیں برابر ہیں اور اٹیکنگ ہاکی کھیلتی ہیں تاہم جو ٹیم بھی پریشر کو برداشت کرگئی اور نارمل طریقہ سے میچ کھیلے گی اور زیادہ سے زیادہ چانسز سے فائد ہ اٹھائے گی اس کے فتح کے امکانات زیادہ ہوں گے ۔پاکستان ٹیم کو بھارت کے خلاف ماضی میں ہونے والے میچز جیتنے سے نفسیاتی برتری حاصل ہے اور ٹیم کا مورال بلند ہے اور ہر کھلاڑی زیادہ سے زیادہ پرفامنس دکھانے کے لئے بھارت کے خلاف میچ کا بے تابی سے انتظا ر کررہاہے ۔دونوں ٹیموں کے مابین کانٹے دار میچ ہوگا اور شائقین کو اچھی ہاکی دیکھنے کو ملے گی ۔؂محمد عمران نے کہاکہ اولمپک کوایفائر میں سیمی فائنل میں پہنچنے والی اور پانچویں نمبر پر آنے والی ٹیم اولمپک کے لئے کوالیفائی کرلے گی اور ہمیں اللہ کے گھر سے پوری امید ہے کہ پاکستانی ٹیم کامیاب وطن واپس لوٹے گی ۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ اولمپک کوالیفائر کھیلنے کے لئے دنیا کی ٹیمیں کئی کئی دن پہلے بیلجئم پہنچی ہوئی ہے جس سے وہاں کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونا آسان ہوگا لیکن پاکستان ٹیم نے ابھی آئرلینڈ کے خلاف دو پریکٹس میچز کھیلنا ہیں جس سے انہیں تھوڑی بہت پریکٹس مل جائے گی ۔محمد عمران نے کہاکہ حکومت نے قومی ٹیم کو اولمپک کوالیفائر راؤنڈ کھیلنے کے لئے فنڈز جاری کرکے ٹیم پر احسان کیا ہے تاہم امید ہے کہ مستقبل میں بھی حکومت ہاکی کے کھیل کو سپورٹ کرے گی ۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی