آخری سانس تک کرکٹ ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتا ہوں ‘ چاچا ٹی 20
لاہور( افضل افتخار،تصاویر عمر شریف) پوری زندگی میں پاکستان کے لئے وقف کرچکا ہوں اور آخری سانس تک اپنے پیارے ملک کی خدمت کروں گا ان خیالات کا اظہار محمد زمان المعروف چاچا ٹی20 نے روز نامہ پاکستان کے فورم میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم جہاں پر میچ کھیلنے کے لئے جاتی ہے میری کوشش ہوتی ہے کہ میں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے وہاں پہنچوں اور اس کیلئے میں اپنے ذاتی خرچے پر جاتا ہوں مجھے کوئی سپانسر نہیں کرتا لیکن مجھ میں اس حوالے سے جو جوش و خروش اور جذبہ ہے اس کے مقابلے میں میرے لئے پیسوں کی کوئی اہمیت نہیں ہے انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاک بھارت کرکٹ سیریز کا شدت سے انتظار ہے اور میری خواہش ہے کہ میں اس موقع پر اپنے کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کروں میری ایک شدید خواہش یہ بھی ہے کہ میں بھارت میں کھیلے جانے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں بھارتی سر زمین پر پاکستان زندہ باد کا نعرہ بلند کرنا چاہتا ہوں اور امید ہے کہ مجھے یہ موقع ضرور ملے گا انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کی بے حد خوشی ہے اور امید ہے کہ اب اورٹیمیں بھی پاکستان آکر ضرور کھیلیں گی پاکستان کھیلوں کے لئے پر امن ملک ہے اور یہاں پر کھلاڑیوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف کھیلی جانے والی ٹی ٹونٹی سیریز میں کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کروں گا کیوں میں سمجھتا ہوں کہ حوصلہ افزائی سے کھلاڑیوں کی کارکردگی میں بہت بہتری آتی ہے انہوں نے کہا کہ میں ملک کا نام روشن کرنا چاہتا ہوں میرے اتنے زیادہ وسائل نہیں ہیں میری خواہش ہے کہ مجھے بھی سپانسر کیا جائے تاکہ میں باآسانی ہر جگہ جاکر اپنے ملک کی خدمت کرسکوں۔