سٹیٹ آف دی آرٹ سہولتوں اور معیاری تعلیم فراہم کرنا ترجیح ہے ،مجتبیٰ شجاع

سٹیٹ آف دی آرٹ سہولتوں اور معیاری تعلیم فراہم کرنا ترجیح ہے ،مجتبیٰ شجاع

لاہور( خبرنگار) وزیرایکسائز و ٹیکسیشن پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہاہے کہ عوام کو سٹیٹ آف دی آرٹ سہولتوں کی فراہمی اور معیاری تعلیم فراہم کرنا حکومت پنجاب کے ایجنڈے میں سرفہرست ہے اور صوبائی حکومت نے ان دونوں سیکٹرز کے لئے بجٹ میں بتدریج اضافہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے لئے حکومت نے مجموعی بجٹ کا 14 فیصد 166 ارب 13 کروڑ روپے صحت کی سہولتوں کی فراہمی کے لئے مختص کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مہلک اور خطرناک بیماریوں کے علاج معالجہ کے لئے سٹیٹ آف دی آرٹ طبی ادارے قائم کررہی ہے اور کڈنی ولیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کی عمارت کے لئے 50 ایکڑ اراضی فراہم کرنے کے علاوہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 3 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں ۔ ڈاکٹرز کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ عام آدمی کو صحت کی معیاری سہولتیں فراہم کرنے کیلئے مطلوبہ فنڈز فراہم کئے جاتے رہیں گے اور رواں سال700بنیادی مراکز صحت میں 24گھنٹے عوام کو طبی سہولتیں فراہم کرنے کے انتظامات کئے جا رہے ہیں اور ان مراکز کو جدید سنٹرز میں تبدیل کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ضلعی و تحصیل ہیڈ کوارٹرہسپتالوں میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی خدمات فراہم کرنے لئے آئندہ مالی سال میں ایک ارب 45 کروڑ روپے کا خصوصی پیکج فراہم کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ہیلتھ ریفارمز روڈمیپ کے تحت معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے سرکاری ہسپتالوں اور طبی مراکز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے اور صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری کے حوالے سے ڈیفڈ کے نمائندے مائیکل باربر نے بھی حکومتی کوششوں کو سراہا ہے اور بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات کی کوریج بہتربنانے پر پنجاب حکومت کے اقدامات کی تعریف کی ہے ۔ مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہاکہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 2.50 ارب روپے سے 8 اضلاع میں ہیلتھ انشورنس کارڈ سکیم شروع کی جارہی ہے جس کی بدولت کم آمدنی والے افراد سرکاری ہسپتالوں کے علاوہ بہترین نجی طبی اداروں میں بھی علاج کی مفت سہولت حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کم وسیلہ افراد کو صحت کی معیاری سہولیات و ادویات کی بلا معاوضہ فراہمی کے لئےآئندہ بجٹ میں 10 ارب 82 کروڑ روپے مختص کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر اضلاع خصوصا جنوبی پنجاب کے علاقوں کے لئے موبائل ہیلتھ یونٹس فراہم کئے جائیں گے جس کے لئے ایک ارب روپے کے فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1