رمضان المبارک کے قریب آتے ہی مہنگائی میں ہوشرباء اضافہ تشویشناک ہے،وسیم اختر

رمضان المبارک کے قریب آتے ہی مہنگائی میں ہوشرباء اضافہ تشویشناک ہے،وسیم ...

لاہور(جنرل رپورٹر)پارلیمانی لیڈرصوبائی اسمبلی وامیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختراور سیکرٹری جنرل نذیراحمدجنجوعہ نے رمضان المبارک کے قریب آتے ہی مہنگائی میں ہوشرباء اضافے پر تشویش کااظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ حالیہ وفاقی وصوبائی بجٹ نے عوام کی امنگوں پرپانی پھیر دیا ہے۔ٹیکسوں کی بھرمار کی وجہ سے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں مزیداضافہ ہوتاجارہا۔اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔غریب عوام کے لئے دووقت کی باعزت روٹی کمانامشکل ہوچکاہے۔بے روزگاری اور مہنگائی کے اس دور میں لوگوں کا رجحان خودکشیوں اور جرائم کی طرف بڑھتاجارہاہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ حکمران عوام کو ریلیف پہنچانے کے لئے رسمی کاروائی کرنے کی بجائے حقیقی معنوں میں اقدامات کریں۔انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک رحمتوں اور برکتوں کامہینہ ہے مگر ناجائز منافع خور،ذخیرہ اندوز اس ماہ مبارک کو عوام کے لئے مشکل بنادیتے ہیں۔دنیا بھر کی حکومتیں رمضان المبارک میں عوام کوزیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرتی ہیں مگر بدقسمتی سے ہمارے ہاں معاملہ الٹ ہے۔روزہ داروں کودونوں ہاتھوں سے لوٹاجاتاہے اور ان کوپوچھنے والاکوئی نہیں۔انہوں نے کہاکہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں عملاً غیر فعال ہوچکی ہیں۔حکومت اور متعلقہ ادارے ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت تادیبی کاروائی کریں تاکہ عوام رمضان پیکج سے بھرپورانداز میں استفادہ کرسکیں۔جماعت اسلامی پنجاب کے رہنماؤں نے مزیدکہاکہ ایک طرف مہنگائی کاجن بے قابوہونے سے عوام کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے تودوسری جانب رہی سہی کسرلوڈشیڈنگ نے پوری کردی ہے۔حکومت رمضان المبارک میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کرے اوررمضان میں آٹا،چینی،بیسن،دال،چاول،سبزیاں،گوشت اور پھل وغیرہ کی کم قیمت میں فراہمی کوممکن بنایاجائے تاکہ عوام سکھ کاسانس لے سکیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1