ملک معراج خالد کی خدمات ناقابل فراموش ہیں،رانا مشہود

ملک معراج خالد کی خدمات ناقابل فراموش ہیں،رانا مشہود

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( خبرنگار) صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ جب کوئی انسان خلوص اور لگن کے ساتھ کسی بڑے مقصد کو پورا کرنے کی ٹھان لیتا ہے تو سیاسی جماعتوں سے اس کی وابستگی ثانوی حیثیت اختیار کر لیتی ہے جبکہ اصل اہمیت اس کے کام اور مشن کی بن جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جمہوریت کیلئے ملک معراج خالد کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ ان جیسے سیاستدان قابل تقلید اور قابل ستائش ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اخوان سائنس کالج برکی میں سابق نگران وزیراعظم ملک معراج خالد کی بارہویں برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے۔اس موقع پر وفاقی وزیر شپنگ اینڈ پورٹس کامران مائیکل ، وزیراعلیٰ پنجاب کے کوآرڈینیٹر طلحہ برکی، زبیر خالد معراج، ڈی سی او کیپٹن (ر) محمد عثمان، انجمن اخوان اسلام کے عہدیداران، اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔صوبائی وزیر تعلیم نے کہاکہ ملک معراج خالد نے تعلیم کے فروغ کیلئے جو اقدامات کئے آج ہزاروں خاندان اس سے مستفید ہو رہے ہیں اور یہ ان کیلئے صدقہ جاریہ ہے۔ اخوان کالج اور اس کے ذیلی اداروں کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے وزیر تعلیم نے کہا کہ انتظامیہ مبارباد کی مستحق ہے کہ اتنے بڑے خیر کے کام کو بڑے احسن طریقے سے چلا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگرچہ ملک کو لوڈشیڈنگ، بے روزگاری، دہشت گردی، مہنگائی سمیت متعدد چیلنجز کا سامنا ہے مگر ہر آنے والا دن ہمارے لئے خوشخبری لے کر آ رہا ہے۔ چین، ترکی، جرمنی اور سعودی عرب سمیت متعدد ملک پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کیلئے آ رہے ہیں۔زمبابوے کی کرکٹ ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا ہے جبکہ سری لنکا اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں نے پاکستان آنے کا عندیہ دیا ہے۔پاک چین اقتصادی راہداری پر سیاسی قیادت کا اتفاق ہم سب کی کامیابی ہے۔ طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اگر وہ لگن اور خلوص سے محنت جاری رکھیں گے تو کوئی مشکل ان کی راہ کی رکاوٹ نہیں بن سکے گی۔ انہوں نے بتایاکہ پنجاب یونیورسٹی کے بی اے کے امتحانات میں 125سالہ ریکارڈ توڑنے والا طالب علم تندور پر روٹیاں لگاتا تھا جبکہ رکشہ چلانے والے ہونہار طالب علم نے میٹرک بورڈ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔انہوں نے کہا کہ ملک معراج خالد نے تعلیمی اداروں کی بنیاد رکھ کر علاقے کی ترقی کے لئے ناقابل فراموش خدمات سرانجام دی ہیں ان جیسے لوگ شخصیت نہیں بلکہ ادارے ہیں جن کے کردار کی روشنی سے ہم درپیش بحرانوں کا بخوبی مقابلہ کرسکتے ہیں ۔ وزیر تعلیم نے اعلان کیا کہ پنجاب حکومت اخوان کالج کی کمپیوٹرلیب کو اپ گریڈ کرے گی جبکہ برکی میں لڑکوں اور لڑکیوں کے لئے ٹیکنیکل ایجوکیشن کے الگ الگ ادارے بھی بنائے جائیں گے۔