خواتین کی فلاح و بہبود پر بجٹ میں .16 32 ارب روپے رکھے گئے ،حنا پرویز

خواتین کی فلاح و بہبود پر بجٹ میں .16 32 ارب روپے رکھے گئے ،حنا پرویز

لاہور(جنرل رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ممبر صوبائی اسمبلی حنا پرویز بٹ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے بجٹ میں خواتین کی فلاح و بہبود پر ترقیاتی بجٹ سے مجموعی طور پر 32 ارب 16کروڑ روپے رکھ کر خواتین کے دل جیت لئے ہیں۔ سرکاری ملازمتوں میں خواتین کے لئے 15 فیصد کوٹہ‘ عمر کی حد میں 3 سال کی رعایت‘ ملازمت پیشہ خواتین کے لئے ڈے کیئر سنٹرز اور ہوسٹلوں کا قیام خواتین کے مسائل کو کم کرنے میں مدد گا ر ثابت ہوگا۔اپنے ایک بیان میں حنا پرویز بٹ نے کہا کہ ایسے مثبت اورمتوازن بجٹ سے ملک میں نئے انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔ انہوں نے اپوزیشن کو مشورہ دیا کہ وہ تنقید کرنے سے پہلے حقائق کا بغور مطالعہ کر لیں اور تنقید برائے تنقید کی پالیسی پر عمل کرنے کی بجائے مثبت طرز عمل اختیار کریں ۔انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز کے باوجود مسلم لیگ (ن) اپنے کئے ہوئے وعدے پورے کر رہی ہے اور توانائی بحران پر قابو پانے کے علاوہ تعلیم ،صحت اور صحت عامہ کے شعبوں کو ترجیح دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ خود روزگار سکیم اور اورنج لائن جیسے منصوبے ملک میں ترقی و خوشحالی کا باعث بنیں گے او رانشا ء اللہ پاکستان ترقی یافتہ اقوام کی صف میں شامل ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سمیت حزب اختلاف نے میں نہ مانوں کی رٹ لگا رکھی ہے اور اپنا آئینی و جمہوری کردار ادا کرنے کی بجائے احتجاج کی روش اختیار کی جا رہی ہے جو کسی طو ربھی مناسب نہیں ۔ انہوں نے انتہائی متوازن اور عوام و کاروبار دوست بجٹ پیش کرنے پروزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا اور وزیر اعلیٰ پنجاب اور ان کی ٹیم کومبارک باد پیش کی ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1