بجٹ میں بجلی منصوبوں کیلئے رقم مختص کرنا خوش آئند ہے،راجہ عدیل

بجٹ میں بجلی منصوبوں کیلئے رقم مختص کرنا خوش آئند ہے،راجہ عدیل

لاہور(وقائع نگار)تاجر رہنما ،ایگزیکٹوممبر لاہور چیمبرز آف کامرس وانجمن تاجران لوہا مارکیٹ شہید گنج (لنڈا بازار)لاہورکے سینئر نائب صدر راجہ عدیل نے کہا ہے کہ پنجاب بجٹ میں توانائی کے حصول کے منصوبوں کے لیے بھر پور کوششیں توانائی بحران کے خاتمے کے لیے حکومت کی سنجیدگی کو ظاہر کرتی ہیں بجٹ میں نئے بجلی منصوبوں کیلئے رقم مختص کرنا خوش آئند ہے وزیراعلیٰ پنجاب ان منصوبوں کو بھی میٹروبس منصوبے کی طرح ذاتی دلچسپی لیکر بروقت مکمل کروائیں تاکہ پنجاب میں توانائی بحران کاخاتمہ ممکن ہوسکے انہوں نے کہا کہ توانائی بحران کے خاتمہ سے انڈسٹریز کا پہیہ چلے گا تو حکومت کا صنعتی ترقی کا ویژن مکمل ہوگا اور پاکستان کو صنعتی لحاظ سے ایشیاء کا ٹائیگر بنانے کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا ۔راجہ عدیل نے کہا کہ پنجاب بجٹ متوازن اور کاروبار دوست بجٹ ہے جس میں غربت کے خاتمے ،تعلیم کے فروغ ، صحت کی سہولیات اور انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے خاطر خواہ فنڈز مختص کرکے بہترین بجٹ پیش کیا گیا ۔پنجاب بجٹ سے تعمیر وترقی کی نئی راہیں کھلیں گی اور اس سے پنجاب خوشحالی و ترقی کی منزل کی طرف گامزن ہوگا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1