سابقہ حلقہ بندیوں کے تحت بلدیاتی انتخابات کو مسترد کرتے ہیں،میاں جمیل
لاہور(جنرل رپورٹر)پاکستان جمہوری اتحاد کے مرکزی صدرمحمد جمیل ملک نے کہا ہے کہ پنجاب میں سابقہ حلقہ بندیوں کے تحت بلدیاتی انتخابات مسلم لیگ(ن) کو فائدہ پہنچانے کی کوشش ہے جسے مسترد کرتے ہیں،ایک بیان میں انہوں نے کہا حکمران جماعت ایک ساز ش کے تحت متوقع بلدیاتی انتخابات کو متنازعہ بنانے کی کوشش کررہی ہے جسکا مقصد مخالف جماعتوں کو ایشوز میں الجھا کرسیاسی فوائد حاصل کرنا ہے،1997کی حلقہ بندیوں کے تحت بلدیاتی انتخابات کسی صورت قابل قبول نہیں لیکن اسکے باوجود حکومتی جماعت کیلئے میدان کھلا نہیں چھوڑیں گے،انہو ں نے کہا پنجاب کے ضمنی اور گلگت بلتستان کے حالیہ ا نتخابات میں بریف کیس کو پہیئے لگا دئیے گئے تھے جو پولنگ کا عمل مکمل ہونے تک گھومتا رہا،حکمران جماعتیں کرپشن اور لوٹ مار سے جمع کی گئی دولت الیکشن جیتنے کیلئے استعمال میں لارہی ہیں،بلدیاتی انتخابات میں بھی دھاندلی کا منصوبہ مرتب کرلیا گیا ہے،الیکشن کمیشن پریہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ انتخابی عمل میں دھن ،دولت اور دھاندلی روکنے کیلئے مؤثر اقدامات اٹھائے ،انکا کہنا تھا کہ 2013کے دھاندلی زدہ انتخابات کے ذریعے اقتدار میں آنیوالی جماعتیں قومی وسائل پر سانپ بن کربیٹھ گئی ہیں اورغریب طبقات کوسسک سسک کر زندگی گزارنے پر مجبور کردیا گیا ہے،حکمران راہ راست پر آجائیں اور مشکلات کے بھنور میں پھنسی ہوئی خلق خدا کو قومی وسائل سے انکا جائز حصہ دیں بصورت دیگرعوام کا غیض وغضب انکے اقتدار کا ہمیشہ کیلئے دھڑن تختہ کردیگا۔