میو ہسپتال میں 5 ماہ کے دوران 11.99 لاکھ مریضوں کا مفت علاج کیا گیا

میو ہسپتال میں 5 ماہ کے دوران 11.99 لاکھ مریضوں کا مفت علاج کیا گیا
 میو ہسپتال میں 5 ماہ کے دوران 11.99 لاکھ مریضوں کا مفت علاج کیا گیا

  

لاہور(جنرل رپورٹر)میو ہسپتال میں مریضوں کی آمدمیں ریکارڈ اضافہ ہو گیا ہے کینسر اور امراض قلب کے مریضوں سمیت ہر قسم کے آپریشن کی مفت سہولت کے باعث شہر لاہور سمیت پورے پنجاب کے مریضوں کی اکثریت نے میو ہسپتال کا رخ کر لیا ہے جس کے باعث رواں سال کے پہلے 5ماہ کے دوران 11لاکھ98ہزار 995مریضوں کو ہسپتال میں مفت علاج معالجہ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔خصوصاً کینسر اور امراض قلب کے مریضوں کو مہنگی ترین ادویات مفت فراہم کی جاتی ہیں ۔اس امر کا اظہار میوہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر چوہدری امجدشہزاد نے ’’روز نامہ پاکستان ‘‘کو اپنے انٹرویو میں کیا۔ایم ایس نے کہا کہ ہسپتال میں مریضوں کو وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق فراہم کی جانیوالی معیاری اور مفت سہولیات کے باعث کے باعث مریضوں کا ڈاکٹروں ،انتظامیہ اور عملے پر اعتماد بڑھا ہے یہی وجہ ہے کہ مریضوں کا رخ میو ہسپتال کی طرف ہو رہا ہے۔جس کے باعث سال 2015کے پہلے 5ماہ میں گزشتہ سال کے پہلے 5ماہ کے مقابلے میں 2لاکھ19ہزار773مریضوں کا ریکارڈ اضافہ ہو ا ہے۔ڈاکٹر امجد شہزاد نے کہا کہ کینسر کے مریضوں کو ہرطرح کی ادویات ہسپتال مفت فراہم کر رہا ہے ۔ہر قسم کی سرجری کی سہولیات بھی مفت فراہم کی جا رہی ہیں ،مریضو کو ناشتہ اور 2وقت کا کھانا بھی مفت فراہم کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ آؤٹ ڈور میں آنے والے مریضوں کے ٹیسٹ مفت کیے جاتے ہیں اور مفت ادویات کیلئے شعبہ سوشل ویلفئیر کو استعما ل کیا جا رہا ہے ،اس شعبے سے آؤٹ ڈور کے مریضوں کو ہر طرح کی مفت ادویات کی فراہمی کی جا رہی ہے ۔ایم ایس میو ہسپتال ڈاکٹر چوہدری امجد شہزاد نے مزید کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ غریب مریضوں کا سٹی سکین اور پی سی آر کی سہولیات بھی مفت فراہم کر ہے ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سرجیکل ٹاور آئندہ سال تک مکمل کر لیا جائے گاجبکہ مخیر حضرات کی مدد سے جبڑا وارڈ اور پرانا گھڑی وارڈ کو گرا کر نیا تعمیر کیا جا رہاہے۔گردوں کے ڈائیلسز اور گردوں کے امراض کی تمام ادویا ت بھی مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1