وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے بجٹ میں عوام کے دل جیت لئے ،میاں شاہد
اسلام آباد (این این آئی) یونائیٹڈ انٹرنیشنل گروپ کے چئیرمین میاں شاہد نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے نئے مالی سال کے بجٹ میں عوام کے دل جیت لئے ہیں۔ صحت تعلیم توانائی اور انفراسٹرکچر پر خصوصی توجہ کے علاوہ خواتین کیلئے سرکاری ملازمتوں میں پندرہ فیصد کوٹہ اور عمر کی حد میں رعایت تاریخ ساز اقدامات ہیں جس سے خواتین کا حوصلہ بڑھے گااور انکی زندگی میں خوشگوار تبدیلی آئے گی۔ دیگر صوبے بھی خواتین کی استعداد و اعتماد میں اضافہ کیلئے پنجاب کی پیروی کریں۔یہ بات میاں شاہد نے اسلام آبادویمن چیمبر کی بانی صدرثمینہ فاضل سے بات چیت کرتے ہوئے کی۔انھوں نے کہا کہ پنجاب کی شرح نمو دوسرے صوبوں کیلئے ایک روشن مثال بن جائے گی۔کاشتکاروں کو مشینری پر سبسڈی اور چار کروڑ افراد کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے صوبہ کے ہر باشندے کیلئے فائدہ مند ثابت ہونگے۔اس موقع پر ثمینہ فاضل نے کہا کہ پنجاب کی وزیر خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا کو کامیاب بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ بھی عوام کی توقعات پر پورا اترنے اور دیہی و شہروں علاقوں کی ترقی میں توازن قائم کرنے کی کوشش کریں۔ صوبائی محاصل میں ہدف سے 31 فیصد کمی حیران کن ہے جس پر قابو پایا جائے۔پاکستان کی 51 فیصد آبادی خواتین پر مشتمل ہے جنھیں با اختیار بنا کر قومی دھارے میں لائے بغیر معاشی ترقی ناممکن ہے۔