ڈیوٹی سے انکار پر لڑائی،ٹاؤن آفیسر ریگولیشن کاایڈ منسٹریٹر نشتر ٹاؤن پر تشدد

ڈیوٹی سے انکار پر لڑائی،ٹاؤن آفیسر ریگولیشن کاایڈ منسٹریٹر نشتر ٹاؤن پر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(جاوید اقبال) نشتر ٹاؤن میں ایڈ منسٹریٹر کی زیر صدارت سستے رمضان بازار لگانے کیلئے منعقدہ اجلاس میدان جنگ میں تبدیل ہوگیا۔رمضان بازار کی ڈیوٹی کرنے سے انکار پر ٹاؤن آفیسر ریگولیشن نے اپنے ساتھیوں سمیت ٹاؤن کے سربراہ اور چیف سیکرٹری پنجاب کے بھانجے ڈی ایم جی گروپ سے تعلق رکھنے والے ایڈمنسٹریٹر صفی اللہ گوندل پر حملہ کر دیا۔اور ایڈمنسٹریٹر کو مار مار کراد موا کر دیا۔جس پر ایڈمنسٹریٹر نے پولیس طلب کر لی اور ٹاؤن آفیسر ریگولیشن رانا عاصم اشرف جو کہ خود کو مسلم لیگ (ن) کے مقامی راہنما رانا بشیر کا عزیز ظاہر کرتا ہے،کے خلاف مقدمہ درج کر ا دیاجبکہ ٹی او آر کا کہنا ہے کہ ایڈمنسٹریٹرکے احکامات نہیں مانوں گا،استعفیٰ دے دوں گا۔بتا یا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات کی روشنی میں نشتر ٹاؤن کے ایڈمنسٹریٹر اور اے سی ماڈل ٹاؤن صفی اللہ گوندل نے سستے رمضان بازار لگوانے کیلئے گزشتہ روز اجلاس طلب کیا،جس میں ٹاؤن کے تمام افسروں سمیت متعلقہ کمیٹیوں کے راہنما شریک تھے۔اس دوران ایڈمنسٹریٹر نے ٹی او آر رانا عاصم اشرف کی کارکردگی پر عدم اعتماد کیا اور انہیں کہا کہ آپ وزیر اعلیٰ کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہیں،رمضان بازار کے انتظامات کیوں نہیں کرتے؟جس پر ٹی او آر نے کہا کہ میں آپ کے احکامات کو تسلیم نہیں کرتا اور نہ ہی آپ کی لگائی گئی ڈیوٹی کروں گا۔جس پر ایڈمنسٹریٹر نے کہا کہ یہ میرے نہیں پنجاب حکومت اور وزیر اعلیٰ کے احکا مات ہیں۔جس پر ٹی او آر نے ایڈمنسٹریٹر کو قریب پڑی ہوئی پانی کی بوتل دے ماری اور اپنی نشست سے اٹھ کر دیگر ساتھیوں کے ہمراہ ایڈمنسٹریٹر پر حملہ کر دیا اور ان پر گھونسو ں،ٹھڈوں کی بارش کر دی۔اور کولڈ ڈرنک کی بوتلیں ان پر برسا نا شروع کر دیں۔جس سے ایڈمنسٹریٹر بے ہوش ہو کر زمین پر گر پڑے۔اس دوران ٹی او آر سے خوف ذدہ ہو کر دیگر افسر موقع سے بھاگ گئے۔ایڈمنسٹریٹر نے پولیس کو طلب کر لیااور انہیں واقعہ کے بارے میں آگاہ کیا۔پولیس نے ایڈمنسٹریٹر کی تحریری درخواست پر ٹی او آر رانا عاصم اشرف کے خلاف ایڈمنسٹریٹر پر حملہ کرکے انہیں تشدد کا نشانہ بنانے پر مقدمہ درج کر لیا۔اس حوالے سے ٹی او آر رانا عاصم اشرف کا کہنا ہے کہ میں اپنی مرضی سے ڈیوٹی کرتا ہوں،ایڈمنسٹریٹر کو ان کی ہی زبان میں جواب دیا۔میں مقدمہ کا دفاع کروں گا۔جبکہ ایڈمنسٹریٹر صفی اللہ گوندل کا کہنا ہے کہ واقعہ کے بارے میں ڈی سی او سمیت اعلیٰ حکام کو آگاہ کر دیا ہے۔ٹی او آرز کو وزیر اعلیٰ کے احکامات کے مطابق ڈیوٹی کا کہا،جس پر انہوں نے ڈیوٹی کرنے سے انکار کر دیا اور مجھ پر حملہ کیا،مجھے تشدد کا نشانہ بنایا،جس کا ان کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا ہے۔اس حوالے سے ڈی سی او لاہو رکیپٹن(ر) عثمان سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ قانون سے کوئی بالا تر نہیں ہے۔ٹی او آر نشتر ٹاؤن رانا عاصم اشرف کو معطل کر دیا گیا ہے اور ان سے خدمات واپس لے لی گئی ہیں۔انہوں نے ایڈمنسٹریٹر پر حملہ کر کے بد ترین قانون شکنی کی ہے،سخت کاروائی کریں گے۔

مزید :

صفحہ آخر -