اشیاء ضروریہ پر سبسڈی سے عام آدمی کو فائدہ ہو گا ،بلال یاسین

اشیاء ضروریہ پر سبسڈی سے عام آدمی کو فائدہ ہو گا ،بلال یاسین

لاہور(وقائع نگار)صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین کابینہ پرائس کنٹرول کمیٹی بلال یاسین نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے رمضان المبارک کے دوران عوام کو سستی و معیاری اشیائے خوردنی کی مسلسل فراہمی کے لئے مربوط حکمت عملی تیار کر لی ہے تا کہ روزہ داروں کو اس مقدس مہینے میں کسی قسم کی تکلیف نہ ہو ۔ اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ کو بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ۔یہ بات انہوں نے لاہور میں مختلف اتواربازاروں کے اچانک دورہ کے دوران صارفین سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ٹی ایم اوز گلشن راوی ، شادمان اور وحدت کالونی بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیربلال یاسین نے گلشن راوی اتوار بازار میں اشیاء خورو نوش کے لئے چند دکانداروں کے اوزان درست نہ پائے گئے جس پر گلشن راوی اتوار بازار میں تعینات لیبر انسپکٹر کے خلاف فوری ایکشن لیتے ہوئے شوکاز نوٹس جاری کیا اور سیکرٹری لیبر کو ہدایت کی کہ اوزان کے حوالے سے معاملات کو فوری درست کیا جائے اور رمضان المبارک میں خاص طور پر کسی قسم کی شکایت کا موقع نہ ملے ۔ صوبائی وزیر نے شادمان اتوار بازارکو بھی چیک کیا جہاں اشیائے صرف وافر اور سستے داموں دستیاب تھیں اور صارفین سے دریافت کرنے پر انہیں بتایا گیا کہ اس اتوار بازار میں ہمیں تمام سہولیات دستیاب ہیں۔گزشتہ اتوار کو صوبائی وزیر نے وحدت کالونی اتوار بازار میں نئے ٹینٹ لگانے کی ہدایت کی تھی جس پر وحدت کالونی اتوار بازار میں نئے ٹینٹ لگادیئے گئے ہیں ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے خواتین خریداروں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے رمضان المبارک میں عوام کی سہولت کے لئے اشیائے ضروریہ پر سبسڈی دی ہے جس سے عام آدمی کو فائدہ ہو گا اور رمضان بھر اتوار بازاروں میں اشیائے صرف معیاری ، وافر اور سستے داموں دستیاب ہوں گی اور عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب نے موجودہ بجٹ 2015-16 ء میں خواتین کی بھلائی کے لئے خصوصی اقدامات کئے ہیں ۔

بلال یاسین

مزید : صفحہ آخر