پنجاب بلدیاتی انتخابات ،پیپلزپارٹی بھرپور تیاری کر رہی ہے،منظور وٹو

پنجاب بلدیاتی انتخابات ،پیپلزپارٹی بھرپور تیاری کر رہی ہے،منظور وٹو

لاہور(جنرل رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی چےئرمین بلاول بھٹو اور کوچےئرمین آصف علی زرداری کی قیادت میں اس سال ستمبر میں پنجاب میں ہونیوالے لوکل باڈیز کے انتخابات کے تمام حلقوں سے لڑنے کے لیے بھرپور تیاری کر رہی ہے۔ یہ بات میاں منظور احمد وٹو، صدر پیپلز پارٹی پنجاب نے کل رات گئے گرین ٹاؤن لاہور میں دو تقریبات میں شرکت کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکن، عہدیدار اور پنجاب کی قیادت چےئرمین کی پاکستان میں آمد کے بعد لاہور میں ماہ رمضان کے اوائل میں آمد پر ان کو خوش آمدید کہنے کے لیے بے تابی سے انتظار کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انکی متوقع آمد لاہور میں جون کی 17 تاریخ کو ہونے والی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اسلام آباد میں ہونیوالے اجلاس میں طے کی جائے گی، اس میں انکے پروگرام کو حتمی شکل دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ لاہور میں قیام کے دوران پنجاب کے 8 ڈویژنز کے کارکنوں اور عہدیداروں سے ملاقات کریں گے اور پارٹی کو مزید فعال بنانے کے لیے ان سے تجاویز طلب کریں گے۔پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر نے کہا کہ وہ چےئرمین بلاول بھٹو کو پیپلز پارٹی پنجاب ایک منظم اور پرعزم پارٹی پیش کریں گے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پنجاب میں چےئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں اگلی حکومت پیپلز پارٹی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس ضمن میں چےئرمین کی قیادت میں پارٹی کو مزید متحرک کریں گے۔ انہوں نے چیلنج کیا کہ شہباز شریف 18 ممبروں کے ساتھ 18 دن حکومت کر کے دکھائیں تو میں انہیں مان جاؤں گا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کسانوں، مزدوروں، اقلیتوں، خواتین اور محروم طبقوں کی سیاست کرتی ہے اور وہ انکے حقوق کی مکمل دستیابی تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے فیصل میر کے ہمراہ مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کو نیک شگون قرار دیا ۔

منظور وٹو

مزید : صفحہ آخر