توانائی بحران اور سیکورٹی چیلنجز کے باوجود پاکستان معاشی استحکام کی طرف گامزن ہے ،امریکی میڈیا

توانائی بحران اور سیکورٹی چیلنجز کے باوجود پاکستان معاشی استحکام کی طرف ...

 واشنگٹن(اے این این) موقرامریکی اخبار’’وال سٹریٹ جرنل‘‘ نے کہاہے کہ توانائی بحران اور امن وامان کے چیلنجزکے باوجود پاکستان کی معیشت میں نمایاں بہتری آئی ہے جس اعتراف عالمی سطح پربھی کیاجارہاہے ، عام انتخابات سے اب تک ملک کی مرکزی اسٹاک مارکیٹ کے انڈکس میں 72فیصد اضافہ ہوچکا ، امریکی انڈیکس پرووائڈر مورگن اسٹینلے نے کراچی سٹاک مارکیٹ کو دنیا کی ابھرتی ہوئی مارکیٹوں میں شامل کرنے پر غور کرنے کااعلان کیا، معاشی درجہ بندی کے ادار ے موڈیزنے پاکستان کی فارن کرنسی کی ریٹنگ سی اے اے ون سے بڑھا کر بی تھر ی کر دی، نجی اداروں کی طرف سے سٹاک مارکیٹ کے ذریعے عام آدمی کو اپنے کاروبار میں حصہ دار بنانا معیشت میں بہتری کی علامت ہے ۔پاکستان کی معیشت کے بارے میں اپنی رپورٹ میں وال سٹریٹ جرنل نے لکھا کہ اگرچہ پاکستان میں توانائی بحران اور امن وامان کے مسائل کاسامناہے مگراس کے باوجود حالیہ برسوں میں اس کی معیشت میں بہتری آئی ہے ۔رپورٹ کے مطابق 2013 کے عام انتخابات سے اب تک ملک کی مرکزی اسٹاک مارکیٹ کے انڈکس میں 72فیصد اضافہ ہوچکا ہے ۔اخبار کے مطابق پاکستان کے معاشی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں آنے والی بہتری کاعالمی سطح پر بھی اعتراف کیاجارہا ہے ۔رپورٹ میں اہم اقتصادی اہداف کے ایک حصے کے طورپر ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے سے متعلق پاکستان مسلم لیگ(ن)کی حکومت کے عزم کوسراہا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی انڈیکس پرووائڈر مورگن اسٹینلے یہ ایم ایس سی اٰئی پچھلے ہفتے اعلان کرچکی ہے کہ کراچی سٹاک مارکیٹ کو اٰئندہ سال دنیا کی ابھرتی ہوئی مارکیٹوں میں شامل کرنے پر غور کررہی ہے ، ریٹنگ ایجنسی موڈیز بھی بیرونی ادائیگیوں کی مستحکم صورتحال اور اقتصادی اصلاحات کے پیش نظر پاکستان کی فارن کرنسی کی ریٹنگ کو سی اے اے ون سے بڑھا کر بی تھر ی کر چکی ہے ۔وزیر اعظم نواز شریف کی حکومت کہہ چکی ہے کہ سرمایہ کاری کا فروغ اس کے کلیدی اقتصادی اہداف میں سے ایک ہے ،رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ نجی اداروں کی طرف سے سٹاک مارکیٹ کے ذریعے عام آدمی کو اپنے کاروبار میں حصہ دار بنانا معیشت میں بہتری کی علامت ہے ۔

امریکی میڈیا

مزید : صفحہ آخر