جوڈیشل کمیشن کو لکھا گیا خط عمران خان کا اعتراف شکست ہے ‘ پرویز رشید
اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جوڈیشل کمیشن کو لکھا گیا خط اور مطالبہ دراصل عمران خان کی شکست کا اعتراف ہے،عمران خان اپنے الزامات کی صداقت تسلیم کرانے میں ناکام رہے، عمران خان جوڈیشل کمیشن کو یہ نہیں بتا سکے کہ الیکشن میں دھاندلی کا سرغنہ کون تھا، کیا منصوبہ تھا اور کس نے اس پر عملدرآمد کرایا؟ اتوار کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ثبوت، دستاویزات اور گواہ پیش کرنے کے دعویٰ میں ناکام ہونے کے بعد پی ٹی آئی نے جوڈیشل کمیشن کو نئے خطوط لکھنا شروع کردئیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کی باقاعدہ کارروائی کے دوران پی ٹی آئی نے آر اوز کو بطور گواہ نہیں بلایا، نئے مطالبے میں آر اوز کو بلانا یو ٹرن کے بادشاہ کا نیا یوٹرن اور تضاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ انکوائری کمیشن کے حتمی نتیجے کے پہنچنے کے مرحلے پر پی ٹی آئی کا مطالبہ پاکستان کی سیاست کو الجھن میں ڈالنے کیلئے ہے تاکہ قومی ترقی کے اہداف نہ حاصل کئے جاسکیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان پہلے دن سے اپنے الزامات کی صداقت تسلیم کرانے میں ناکام رہے، وہ جوڈیشل کمیشن کے سوالوں کے جواب نہ دے سکے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جوڈیشل کمیشن کو یہ نہیں بتا سکے کہ الیکشن میں دھاندلی کا سرغنہ کون تھا، کیا منصوبہ تھا اور کس نے اس پر عملدرآمد کرایا؟ انہوں نے کہا کہ ڈی چوک کی رونقیں پہلے دن سے ختم ہونا شروع ہوگئی تھیں، ڈی چوک کا پیغام محض ٹی وی سکرین تک محدود تھا۔ ڈی چوک سیاست کیلئے عوامی حمایت کی مسلسل کمی نے عمران خان کو بوکھلا دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے جھوٹ کو تسلیم کریں، الزامات کو معافی مانگ کر واپس لیں اور دہشت گردی کے خاتمے اور ملکی ترقی اور خوشحالی کے قومی ایجنڈے کی تکمیل کی راہ میں رکاوٹ نہ بنیں۔